بھارتی میڈیا نے سلمان خان کو جیا خان کی خودکشی کی وجہ قرار دے دیا
ممبئی: پاکستان کا معاملہ ہو یا فلم نگری کی صورت حال، بھارتی میڈیا کسی بھی معاملے میں غیر ضروری سنسنی اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا، اس کی تازہ مثال اداکارہ جیا خان کی خودکشی بھی ہے ، ممبئی پولیس نے اداکارہ کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی کو گرفتار کیا ہے جب کہ بھارتی میڈیا اس معاملے میں سلمان خان کو مورد الزام قرار دے رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار ادیتیہ پنچولی اور ان کے اہل خانہ سلمان خان کی رائے کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے ہی سورج پنچولی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جیاخان کو چھوڑ دے جس پر سورج نے جیا سے تعلقات ختم کردیئے تھے جو اداکارہ کی خودکشی کی وجہ بنا۔ میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کو بھی ممبئی پولیس پوچھ گچھ کےلئے بلاسکتی ہے، دوسری جانب سورج پنچولی 13 جون تک پولیس ریمانڈ پر ہے اور اس سے سارے معاملے کی تفتیش ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ خودکشی کرنے سے قبل جیا خان نے ایک خط چھوڑاتھا جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ کی بے وفائی پر زندگی کا خاتمہ کررہی ہے۔
تبصرے بند ہیں.