Latest National, International, Sports & Business News

سرور کونین حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کا جشن، فضا پُر نور، ہر طرف چراغاں

لاہور:سرور کونین حضرت محمدﷺ کی ولادت باسعادت کے جشن کے موقع پر ملک بھر کے شہر شہر قریہ قریہ میں فرزندانِ اسلام خوشیوں کا اظہار کر رہے ہیں۔ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اس دن کی مناسبت سے سیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے۔عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے آج شب سے ہی ملک بھر کی مساجد میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں علماء کرام نبی کریمﷺ کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈال رہے ہیں۔آمد مصطفیﷺ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ہیں۔عاشقان رسول خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں۔آمد مصطفیٰﷺ کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکاء سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے، جشن عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔علماء کرام کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ سے عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ آپؐ کی سیرت طیبہ کا محض ذکر ہی نہ کیا جائے، بلکہ آپؐ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی انسان دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.