اسپاٹ فکسنگ : تحقیقاتی رپورٹ شائع کیے جانے کا مطالبہ

نئی دہلی: بھارتی کرکٹ شائقین کے ایک گروپ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں بی سی سی آئی کی کرائی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ شائع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اس گروپ کا کہنا ہے کہ ہفتے کو بورڈ کی ورکنگ کمیٹی اجلاس میں پیش کی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ کو بورڈ اپنی ویب سائٹ پر بھی شائع کرے، یہ درخواست انھوں نے بی سی سی آئی کے نائب صدر ارون جیٹلی کو دی ہے، گروپ کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی بورڈ نے رپورٹ کو عوام کے سامنے پیش نہیں کیا تو یہ مایوس کن بات ہوگی، بورڈکو ملنے والے شائقین کے گروپ کے اس مراسلے پر وجے نوارتنم اور دیگر 43 افراد کے دستخط ثبت ہیں،خط میں بورڈ سے محفوظ ای میل ایڈریس بھی طلب کیاگیا ہے جس کے ذریعے لوگ تحقیقاتی کمیٹی کے دو ممبران سے براہ راست رابطہ کرکے انھیں شواہد بھی فراہم کرسکیں۔دو رکنی تحقیقاتی کمیشن تامل ناڈو ہائیکورٹ کے دو ریٹائرڈ ججز پر مشتمل ہے، خط میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں گرفتار چنئی سپرکنگز کے آفیشل اور بھارتی بورڈ کے چیف سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن سے متعلق تصاویر اور ویڈیو لنک شامل ہیں، شائقین کے بھیجے گئے خط کے تیسرے پوائنٹ میں بی سی سی آئی کے گورننس سسٹم کا جائزہ لیے جانے کا کہا گیا ہے،ان کا خیال ہے کہ حالیہ اسکینڈل بورڈ کی ناقص گورننس کا نتیجہ ہے،بی سی سی آئی کے ڈائریکٹرز کے ذاتی مفادات نہیں ہونے چاہئیں تاکہ وہ ملکی کرکٹ کے بہترین مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرسکیں۔

تبصرے بند ہیں.