گائیکی میرا شوق اور ایکٹنگ جنون ہے، اداکارہ زارا شیخ

ماڈل واداکارہ زارا شیخ نے کہا ہے کہ گائیکی میرا شوق اور ایکٹنگ جنون ہے،ٹی وی پر کام سے کبھی انکار نہیں کیا، افیئر کے لیے وقت نہیں، ان دنوں ایک ٹی وی پروجیکٹ کر رہی ہوں۔ زارا نے گزشتہ روز خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی ہمیشہ ایک طویل سفر طے کرنے کے بعد ہی حاصل ہوتی ہے اور شوبزانڈسٹری تو ویسے بھی کانٹوں کی سیج کی طرح ہے جس پر پھونک پھونک کر قدم رکھنا پڑتا ہے۔ خود کو اس لحاظ سے خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ ماڈلنگ کے ذریعے شوبز میں آئی تو آتے ہی ملٹی نیشنل موبائل کمپنی کی برانڈ ایمبسڈر بن گئی جس نے مجھے راتوں رات معروف ماڈلز کی صف میں لاکھڑا کیا۔یہ وہ دور تھا جب ہماری فلم انڈسٹری عروج پرتھی اور باکس آفس پر اداکارہ ریما ، ثناء ، نرگس ، صائمہ ، ریشم سمیت دیگر اداکارائوں کا طوطی بول رہا تھا ۔ اس دوران مجھے ایورنیو پکچرز کی اردو فلم ’’تیرے پیار میں‘‘ مل گئی جس میں شان کے مقابل ہیروئن کاسٹ ہوئی ۔اس فلم نے باکس آفس پر کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کردیے اور میرے سامنے فلموں کی لائنیں لگ گئیں مگر میں نے تمام آفرز کو قبول کرنے کی بجائے منتخب پروجیکٹس کو ہی ترجیح دی۔اسی لیے 13 سالہ فلمی کیرئیر میں میرے کریڈٹ پر چند گنتی کی فلمیں ’’چلو عشق لڑائیں‘‘ ، ’’ لاج‘‘ ، ’’کمانڈو‘‘ ، ’’یہ وعدہ رہا‘‘، ’’سلاخیں‘‘،’’تیرے بناجیا نہ جائے‘‘، ’’پہلا پہلا پیار‘‘، ’’کبھی پیار نہ کرنا‘‘ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.