عمائمہ ملک کا بالی ووڈ فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ بولڈ سین کرنے سے انکار

پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل عمائمہ ملک نے بالی ووڈ فلموں میں بولڈ سین کے ’’ماہر‘‘ عمران ہاشمی کے ساتھ فلم سائن کرنے کے بعد کسی قسم کا عریاں سین پکچرائز کروانے سے انکار کر دیا۔ عمائمہ ملک کو بالی ووڈ کے ایک معروف فلمساز ادارے نے عمران ہاشمی کے مدمقابل فلم میں کام کرنے کی آفر کی تھی جس کی کہانی اور اپنے کردار کے بارے میں معلومات کے بعد انھوں نے فلم سائن کر لی تھی لیکن اس دوران عمائمہ نے فلم میں کوئی بھی بولڈ سین عکسبند نہ کرنے کی شرط عائد کی ہے جس کو فلمساز ادارے نے قبول کرتے ہوئے شوٹنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ ایکشن، سسپنس اور رومانوی فلم کی عکسبندی بھارت سمیت یورپ میں کی جائے گی اور شوٹنگ کے ساتھ ساتھ فلم کے گیت بھی مغربی ممالک میں فلمائے جائیں گے۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمائمہ ملک فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ بولڈ سین عکسبند کروائیں گی لیکن اس فلم کو پاکستان میں سنسر کے ساتھ نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ممبئی سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے عمائمہ ملک نے بتایا کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور میں بھارت میں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرونگی جس کیوجہ سے پاک وطن کی بدنامی ہو، میں جانتی ہوں کہ عمران ہاشمی نے اپنے کیرئیر میں اب تک جو فلمیں کی ہیں ان میں زیادہ تر بولڈ سین عکسبند کیے گئے ہیں اوران کی وجہ شہرت بھی یہی ہے۔ لیکن اس فلم کی کہانی بالکل منفرد ہے اور میرا کردار بہت جاندارہے۔ جہاں تک بات فلم میں بولڈ سین کی ہے تو اس کے لیے مجھ سے پوچھا گیا تھا مگر میں نے اس کو فلمبند کروانے سے صاف انکار کر دیا تھا۔ میں نے ہمیشہ اپنی مرضی سے کام کیا ہے، کوئی بھی پروجیکٹ سائن کرنے سے قبل اچھی طرح اس کے بارے میں چھان بین کرتی ہوں اور پھر ہی کسی نتیجے پر پہنچتی ہوں۔ اس لیے میں نے فلمساز کو پہلے ہی اپنی شرائط سے آگاہ کر دیا تھا، بلاوجہ کوئی بھی سین عکسبند کروانا میرے بس کی بات نہیں ہے، اگر کہانی کی ڈیمانڈ ہے تو پھر میں اس کو پورا کرنے میں کوئی برائی نہیں سمجھوں گی۔انھوں نے کہا کہ میں ایک اداکارہ ہوں اور کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھرنا بھی میرے پروفیشن کی اولین ترجیح ہے، ایک پروفیشنل اداکارہ ہونے کی حیثیت سے اگر میں کسی جسم فروش لڑکی کا کردار ادا کرونگی تو مجھے اس کو پیش کرنے کے لیے بولڈ سین عکسبند کروانا ہونگے، اگر مجھے کسی پولیس آفیسر کا کردار دیدیا جائے گا تو میں اس کے لیے باقاعدہ تربیت حاصل کرونگی تاکہ کسی بھی لمحے فلم بینوں کو یہ محسوس نہ ہو کہ میں پولیس آفیسر نہیں ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں عمائمہ نے بتایا کہ مجھے فلم سائن کرنے سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ عمران ہاشمی کے امیج کو مدنظر رکھتے ہوئے ہو سکتا ہے کہ ہم ایک یا دو بولڈ سین اضافی پکچرائز کریں۔ میں نے فلم کی کہانی سے ہٹ کر کوئی بھی کام کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے، جہاں تک فلم کی کہانی اور میرے کردار کی بات ہے تو وہ سب کے لیے سرپرائز ہے۔ اگر ابھی اپنے کردار اور فلم کی کہانی سمیت دیگر چیزوں کے بارے میں تفصیلات بتا دیں تو فلم بینوں کو سینما گھر میں جا کر مزہ نہیں آسکے گا۔ انھوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ ممبئی میں شروع ہو چکی ہے اور شیڈول کے مطابق فی الحال یہاں کام کیا جائے گا اور اس کے بعد یورپی ممالک میں منتخب کردہ لوکیشنز پر گیت فلمبند کیے جائینگے۔ گیتوں کی عکسبندی کے لیے میں ان دنوں رقص کی بھی ریہرسلز کر رہی ہوں۔ بالی ووڈ میں جہاں ایک اداکارہ کے لیے اداکاری بیحد ضروری ہے وہیں جدید ڈانس فارمز پر عبور بھی ہونا چاہیے، اس کے لیے میں نے خاصی محنت کی ہے اورمجھے امید ہے کہ فلم بینوں کو میرا رقص بھی پسند آئے گا۔ عمائمہ ملک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بالی ووڈ میں دو نئے پروجیکٹ سائن کیے ہیں جن میں بالی ووڈ کے معروف فنکار میرے مدمقابل ہونگے۔ ان میں ایک فلم لواسٹوری ہے جب کہ دوسری آرٹ فلم ہو گی۔ یہ دونوں مختلف موضوعات کی فلمیں ہیں جس کے لیے مجھے دو الگ کردار ادا کرنا ہونگے مگر اس طرح کے چیلنجز میں نے ہمیشہ ہی قبول کیے ہیں اور ان کو پورا بھی کیا ہے۔ آرٹ فلم اس حوالے سے بہت اہمیت کی حامل ہے اور اس میں میرے مدمقابل بالی ووڈ کے سینئراور وراسٹائل فنکار ادارکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئینگے۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو بالی ووڈ میں آنیوالے سال میں میری اچھی اور اہم فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائینگی جس سے مجھے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.