سونم کپور نئی فلم میں فزیو تھراپسٹ کا کردار نبھائیں گی

ممبئ: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اپنی اگلی فلم میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے فزیو تھراپی کی کلاسیں لینے لگیں۔ سپر اسٹار انیل کپور کی بیٹی فلم خوبصورت کے ری میک میں فزیو تھراپسٹ کا کردار ادا کریں گی۔ کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے وہ آج کل ممبئی میں واقع اپنی فزیو تھراپسٹ دوست کے کلینک میں وقت گزار رہی ہیں۔ وہ آئندہ ڈیڑھ ماہ تک کلینک میں اپنی دوست کے ہمراہ مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کریں گی۔ سونم نے اس سے قبل حال ہی میں اپنی ریلیز ہونے والی فلم رانجھنا میں کردار نبھانے کے لیے دلی کے گرلز ہوسٹل میں کافی وقت گزارا تھا۔ادھرسونم کپورنے کہا ہے کہ اب وہ فلم ڈائریکٹر بننا چاہتی ہیں۔سونم کپور اپنی فلم بھاگ ملکھا بھاگ اور رانجھنا کی کامیابی پر ان دنوں بہت خوش ہیں۔ خوشی اور اعتماد کا عالم یہ ہے کہ اب وہ ہر وہ کام کرنا چاہتی ہیں جس کے لیے ان کا من چاہے گا۔ سونم کا کہنا ہے کہ ہدایتکار بننا ان کا پہلا خواب تھا۔ اداکاری میں کامیابیاں اپنی جگہ لیکن اب وہ فلموں کی ہدایت کارہ بننا چاہتی ہیں۔ سونم کپور ماضی میں سنجے لیلا بھنسالی کی اسسٹنٹ بھی رہ چکی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.