شدید اختلافات کے بعد شاہ رخ اور سلمان خان کے درمیان برف پگھلنے لگی

ممبئی: ماضی میں شدید اختلافات رکھنے والے بالی ووڈ اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان اب برف پگلنے لگی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہےکہ کروڑوں مداح رکھنے والے اداکار اب ماضی کی تلخیوں کو بھلانے پر راضی ہو گئے ہیں۔ بھارتی اخبار کے مطابق کانگریس کے رہنما بابا صدیقی کی جانب سے دی جانے والی افطار پارٹی میں شاہ رخ خان اور سلمان خان نے نہ صرف ایک دوسرے سے مسکراتے ہوئے ہاتھ ملایا بلکہ بغل گیر بھی ہوئے، شاہ رخ خان کچھ لوگوں سے بیٹھے باتیں کر رہے تھے کہ اسی دوران تقریب کے میزبان بابا صدیقی کے ہمراہ سلمان خان بھی پہنچ گئے، بابا صدیقی نے جب شاہ رخ خان سے ہاتھ ملایا تو سلمان خان کو دیکھ کرشاہ رخ اپنی سیٹ سے اٹھے اور نہ صرف انہوں نے سلمان سے ہاتھ ملایا بلکہ بغل گیر بھی ہوئے،اس صورتحال پر تقریب میں موجود تمام افراد حیرت میں ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔ تقریب کے میزبان کانگریسی رہنما بابا صدیقی کا کہنا تھا کہ دونوں اداکاروں کو تقریب ميں ایک دوسرے سے خوشی کے ساتھ ملاقات کرتے دیکھ کر کافی خوشی ہوئی اور امید ہے کہ دونوں اسٹارز اپنے اختلافات بھلا کر اچھے دوست بن جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.