امیشا پاٹیل فلم ’’دیسی میجک‘‘ میں رنبیر کیساتھ جلوہ گر ہوں گی

بالی ووڈ اداکارہ امیشا پاٹیل کی بطور پروڈیوسر پہلی فلم ’’دیسی میجک ‘‘سیٹ کی زینت بن گئی۔ اس فلم میں امیشا پاٹیل نے ڈبل رول کیا ہے ۔فلم کی کہانی امیت مہتہ نے لکھی ہے ۔ہدایت کارنوودت مہلاتھا کی اس فلم کے لیے اداکارہ امیشا پاٹیل کی لک کو یکسر تبدیل کرکے پیش کیا جارہا ہے ۔اداکارہ امیشا پاٹیل اس فلم میں رنبیر کپور کے ساتھ جلوہ گرہونگی۔زید خان اور روی کشن بھی فلم میں اہم کردار نبھارہے ہیں۔فلم کے کو پروڈیوسرکنال گومر ہیں ۔فلم امیشا پاٹیل پروڈکشن کے بینر تلے شروع کی گئی ہے ۔اداکارہ امیشا پاٹیل پہلی بار کسی فلم میں ڈبل رول کررہی ہیں ۔اداکارہ و پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ اپنی پرڈکشن کمپنی بنانے کا آئیڈیل میرے پارٹنر کنال گومر کا ہے اور ان کے کہنے پر پروڈکشن کمپنی بنائی ہے جس کے تحت اب پہلی فلم کا آغاز کردیا گیا ہے انھوں نے کہا کہ فلمسازی کا تجربہ نا ہونے کے باوجود اس پر پیپر ورک اس قدر کیا ہے کہ اس فلم کی صرف شوٹنگ کا مرحلہ باقی تھا جسے اب شروع کرکے فلم کی تکمیل کے لیے راستے ہموار کردیے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ فلم ’’دیسی میجک ‘‘ میں رنبیر کپور کو اہم کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے اور وہ اس فلم میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے فلم کو یادگار بنائیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ میرا کردار بھی بہت اہم ہے اور یہ کام بڑا مشکل ہے تاہم اس چیلنجنگ کردار کو بھی خوبی سے نبھانے کا عزم کرکے کام شروع کردیا ہے۔اداکارہ امیشا پاٹیل نے کہا کہ فلم کے لیے ایک آئٹم سانگ بھی تیار کیا گیا ہے جس کی موسیقی ڈی جے عقیل نے بنائی ہے اس گیت کو گلوکارہ شریا گھوشال کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے ایسے لگ رہا ہے کہ جیسے فلم’’دیسی میجک‘‘پراجیکٹ کی ماں ہوں ۔انھوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو بچے کی دیکھ بھال کی طرح ہی سنبھال رہی ہوں ۔اس میں اپنے کام کو احتیاط سے کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔اپنے اسٹائل میں زندہ ہوں اور لوگوں کی بڑی تعداد کی پسند کا بھی خیال رکھتی ہوں منفی کردار بھی کرتی ہوں ۔کسی بھی کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے اسے گہرائی سے دیکھتی ہوں ۔اپنے عزائم پختہ ہیں اور بالی وڈمیں منفرد مقام بنانے میں بھی کامیاب رہوں گی ۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلم ’’دیسی میجک ‘‘پر بڑی محنت کررہی ہوں۔

تبصرے بند ہیں.