امریتا راؤ فلم ’’ستیاگرہ‘‘ میں امیتابھ کی بہو بنیں گی

بالی ووڈ اداکارہ امریتا راؤ نے کہا ہے کہ نئی فلم ’’ستیاگرہ ‘‘میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ یادگار رہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ فلم میں امیتابھ بچن کی بہو کا کردار نبھایا ہے ۔فلم کی شوٹنگ کے دوران امیتابھ بچن کے انداز اور افکار کو دیکھنے اورسمجھنے کا موقع ملا ،وہ واقعی سپر اسٹار ہیں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ 30 اگست کو سینما گھروں میں اس پولیٹکل تھرلر فلم کے چرچے ہونگے جب کہ میرے کیرئیر کے لیے بھی یہ فلم بڑی اہمیت اختیار کرے گی۔انھوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن سے بہت کچھ سیکھا ہے ان کی باتوں کے سحر نے ابھی تک جکڑ رکھا ہے ۔ان کے ساتھ کام شروع کیا اور پھر فلم کی شوٹنگ ختم ہوگئی امیتابھ جی نے وقت کے گزرنے کا بھی احساس نہیں ہونے دیا ان کی حس مزاح نے بھی ہمیں بہت محظوظ کیے رکھا ۔آج بھی میں خود کو سیٹ پر امیتابھ کے روبروپاتی ہوں اور مجھے اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ میں نے بڑے اسٹار کے ساتھ کام کرکے بہت بڑا معرکہ مارلیا ہے۔31 سالہ بالی وڈ اداکارہ نے کہاکہ میں نئی فلموں میں اپنے مداحوں کو پرفارمنس سے مایوس نہیں کروں گی ۔اپنی عمدہ پرفارمنس سے فلمی کردار کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی ۔مداحوں کی جانب سے حوصلہ افزائی ہوئی ہے جس پر ان کی ممنون ہوں ۔امریتا راؤ نے کہا کہ ملنسار ہوں ،لوگوں سے گھل مل جانا اچھا لگتا ہے،سیرو تفریح کی دلدادہ ہوں ۔ملبوسات کے انتخاب میں اپنی سوچ رکھتی ہوں ۔سبزی خور ہوں۔ چٹ پٹے کھانے پسند ہیں ۔دوسروں کے ساتھ کھانا اچھا لگتا ہے۔بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئی فلموں میں اہم کردار نبھارہی ہوں ۔آنیوالی فلموں میں میرا کردار روٹین سے ہٹ کر ہوگا ۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کسی فنکار کے لیے وہ بڑا کٹھن وقت ہوتا ہے جب اسے کسی فلم کی ڈیمانڈ پر وزن بڑھانے یاکم کرنے کے لیے کہا جاتا ہے ۔اس دوران جو خوراک ہم روٹین میں لے رہے ہوتے ہیں انھیں تبدیل کرنا پڑتا ہے اور ورزش بھی کرنا ہوتی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.