کراچی: مشہور ڈرامے رانجھا رانجھا کردی کے کردار ’بھولے ‘سے شہرت پانے والے اداکار عمران اشرف کا کہنا ہے کہ طلاق کے بعد وہ اور ان کا بیٹا مشکل وقت سے گزر رہے ہیں مداح ان کے لئے دعا کریں۔حال ہی میں عمران اشرف ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام’دی ٹاک ٹاک شو‘ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے سابقہ اہلیہ کرن اشفاق سے طلاق کے بعد اپنی زندگی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں کھل کر بات کی۔پروگرام کے میزبان حسن چوہدری نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے ایک ویڈیو میں کہا کہ آپ کی زندگی تباہی سے گزر رہی ہے کیا طلاق کے بعد آپ کی زندگی میں کوئی منفی اثرات پڑے ہیں؟جس پر عمران اشرف کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں میں نے کہا تھا کہ ہم تباہی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں، مگر طلاق کے بعد ہماری زندگی میں کوئی منفی بات نہیں ہے، میں اور کرن مل کر ہمارے بیٹے روحام کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔اپنے بیٹے روحام کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران اشرف نے کہا کہ ’میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد میرے بیٹی کی زندگی ہے، میرا بیٹا مستقبل میں میرے بارے میں کیا سوچے گا؟ وہ بڑا ہوکر کیا سوچے گا کہ میرا باپ ایسا تھا‘۔عمران کا کہنا تھا کہ اس ہی لئے میں کبھی کوئی ایسی بات نہیں کہہ سکتا جس سے میرے بیٹے کو نقصان ہو، یا جو میری اخلاقیات کے خلاف ہو۔عمران اشرف نے اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ والدین کی حیثیت سے وہ اور کرن ایک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، یہ ان کیلئے ایک مشکل وقت ہے ان کے اور ان کے بیٹے روحام کیلئے دعا کریں۔یاد رہے کہ عمران اشرف نے کرن اشفاق سے 2018 میں شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا روحام ہے تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور سا ل 2022 کے آخر میں اس جوڑی نے راہیں جدا کرلیں۔
تبصرے بند ہیں.