کراچی: کوک اسٹوڈیو کے 14ویں سیزن کے مشہور گانے ’کنا یاری‘ سے مشہور ہونے والے بلوچی گلوکار وہاب علی بگٹی بلوچستان میں آنے والے سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔سوشل میڈیا پر وہاب علی بگٹی کی چند تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے بچوں اور دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ بلوچستان کی موجودہ سیلابی صورتحال کی وجہ سے بے گھر کھلے آسمان تلے دن اور رات گزار رہے ہیں۔صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں سیلاب کے باعث ان کا کچا مکان سیلاب کی نذر ہوگیا ہے اور وہ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔انسٹاگرام کے مختلف ہینڈلز کی جانب سے شیئر کردہ ان تصاویر پر وہاب علی بگٹی کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کوک اسٹوڈیو کو ٹیگ کر کے گلوکار کی مدد کی اپیل کی جارہی ہے اور بلوچستان کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔مذکورہ پوسٹ پر پاکستان کی معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی کمنٹ کرتے ہوئے وہاب علی بگٹی اور بلوچستان کو درپیش سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔حدیقہ کیانی نے اعلان کیا ہے کہ وہ عطیات جمع کر رہی ہیں اور جلد اپنی سیلاب زدگان مہم 2022 ’وسیلہِ راہ‘ کے زریعے کوک اسٹوڈیو کے گلوکار وہاب علی بگٹی اور دیگر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بلوچستان پہنچنے والی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.