ہما قریشی نے فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ‘‘ میں کنگنا کی جگہ لے لی

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ ہماقریشی نے نئی فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ ‘‘میں کنگنا رناوت کی جگہ لے لی۔ اس فلم میں اداکارہ مادھوری ڈکشٹ بھی اہم کردار نبھارہی ہیں ۔فلم ریلیز کے لیے تیار ہے ۔اس فلم کی تشہیری مہم کا بھی آغاز کیا جاچکا ہے ۔یہ فلم ’’عشقیہ‘‘کا سیکوئل ہے اور گزشتہ سے پیوستہ سال ہی اس کے سیکوئل بنانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم ایک سال تک تو فلم کی پہلی کاسٹ کے اہم کرداروں کا چناؤ ہی عمل میں لایا گیا مگر ان میں کنگنا رناوت کو دیگر فلمی مصروفیات کے سبب فلم ’’ڈیڑھ عشقیہ ‘‘سے الگ ہونا پڑا جس پر ہماقریشی نے کنگنا رناوت کی جگہ لے لی ۔کنگنا رناوت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی دیگر مصروفیات کو ترک نہیں کرسکتی تھیں جب کہ فلم کے سیکوئل کے اعلان کے بعد سے عرصہ تک فلم کی شوٹنگ التوا کا شکار رہی۔ پروڈیوسر رامن اور ہدایت کار ابھیشک چوبے نے کی فلم کی فوری شروعات کے لیے کنگنا رناوت کی جگہ نئی فنکارہ کا انتخاب کیا جس میں انھوں نے ہماقریشی کو اس اہم کردار کے لیے موزوں جانا اور فلم میں کام کرنے کی پیشکش کر دی۔ ہماقریشی نے فلم میں اپنے اہم کردار کو دیکھتے ہوئے کام کرنے کی حامی بھرلی۔ ہدایتکار ابھیشک چوبے کا کہنا ہے کہ اداکارہ ہماقریشی کے کیرئیر کے لیے یہ فلم اہم موڑ ثابت ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ فلم کی پوری ٹیم کا انتخاب انتہائی اہم کام تھا اور اس میں ہمیں سوفیصد کامیابی ملی ہے۔کنگنا رناوت کی جگہ ہماقریشی کا انتخاب بہترین ہے اور ہمیں ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔اداکارہ قبل ازیں بھی اپنی پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں اور اس آنیوالی فلم میں ان کی پرفارمنس بھی یادگار ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم کے سبھی سینئرز کی بھی یہی رائے ہے اور اداکارہ کے بارے میں اچھی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں اپنے قدم جمانے کے لیے اداکارہ کو پرفارمنس کے اظہار کا بھی سلیقہ آتا ہے ۔اداکارہ کی کئی خوبیوں میں مزید نکھار پیدا ہوگا اور ان کی آنیوالی فلموں میں ان کی پرفارمنس کے بھی چرچے ہونگے۔ادھر اداکارہ ہما قریشی نے کہا ہے کہ آنیوالی فلم میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں۔اس فلم میں روٹین سے ہٹ کر کردار نبھایا ہے اور اس بار بھی میں نے اپنی محنت اور شوق سے پرفارم کیا ہے ۔خود پر بھروسہ ہے اس لیے شائقین کی جانب سے مجھے اچھے رسپانس کی توقع کی جاسکتی ہے ۔فلم ’گینگز آف واسع پور‘، ’لو شوتے چکن کھرانا‘ اور’ایک تھی ڈائن‘ میں اپنی خوبصورتی اور اداکاری کے لیے شہ سرخیوں میں آنے والی اداکارہ ہما قریشی کو فلموں میں بولڈ سین فلمانے میں کوئی اعتراض نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ فلم کی ڈیمانڈ کے مطابق ہر طرح کا کردار نبھانا ہی اصل فنکار کی خوبی کو سامنے لاتا ہے ۔ انھوں نے کہا ’ایک اچھی فلم کے لیے مجھے یہ منظور ہے۔ لیکن محض سنسنی پھیلانے کے لیے میں جسم کی نمائش نہیں کروں گی۔ اگر فلم کو صرف جسم کی نمائش کے ذریعے فروخت کیا جائے گا تو وہ مجھے کسی طور قبول نہیں ہوگا۔ان کے مطابق وہ کہانی کی مانگ کے مطابق نمائش کرنے سے پرہیز نہیں کریں گی۔ہدایت کار ابھیشک چوبے اس کامیڈی تھرلر فلم میں ارشد وارثی نصیرالدین شاہ اور وجے راز بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کرتے نظر آئیں گے ۔ پروڈیوسر رامن مارو کی فلم اسکرین پلے رائٹر ڈائر یکٹر وشال بھردواج، ابھیشک چوبے اور بھارتی فلموں کے مایہ ناز نغمہ نگار گلزار نے لکھے ہیں ۔ہندی اور اردو زبانوں میں یہ فلم رواں سال دسمبر کی 13 تاریخ کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے فلم عشقیہ بھی کامیابی کے جھنڈے گا ڑ چکی ہے جس میں مرکزی کردار اداکارہ ودیا بالن نے ادا کیا تھا ۔

تبصرے بند ہیں.