پوجا چوپڑا فلم ’’کمانڈو ٹو‘‘ میں بھی لیڈنگ لیڈی رول کریں گی

ممبئی: سابق مس انڈیا اور بالی ووڈ اداکارہ پوجا چوپڑا نئی فلم ’’کمانڈو ٹو‘‘ میں لیڈنگ لیڈی کے کردار میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں ۔ اداکارہ پوجا چوپڑا نے اس سے قبل فلم ’’کمانڈو ‘‘میں بھی اہم کردار نبھایا تھا ۔بالی وڈ میں آنے سے قبل تامل فلموں میں مرکزی کردار نبھاچکی ہیں۔ ہدایت کار دلیپ گھوش کی فلم ’’کمانڈو ‘‘میں اداکارہ پوجا چوپڑا نے اداکارودیوت جاموال کے ساتھ کام کیا اب اداکارہ پوجا چوپڑا پھر سے ایکشن تھرلر فلم ’’کمانڈو ٹو ‘‘میں اہم کردار نبھارہی ہیں ۔نئی فلم میں بھی ودیوت جاموال ہی مرکزی کردار نبھارہے ہیں اور اس فلم کا بجٹ پہلے سے کہیں زیادہ رکھا گیا ہے ۔ودیوت جاموال نے بھی ٹالی ووڈ میں اپنی پرفارمنس کی دھاک بٹھائی اور پھر بالی ووڈ میں قدم رکھا ۔ان کی فلم ’’بلٹ راجہ ‘‘میں بھی کردار ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اداکارہ پوجا چوپڑا نے ایکشن فلم ’کمانڈو‘میں عمدہ کام کیا اب نئی فلم میں بھی ان کے ساتھ کام کرکے خوشی ہورہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہالی ووڈ فلم سے متاثر ہوکر بنائی جانیوالی ایکشن فلموں میں اداکارائوں کو مشکل کردار ملتے ہیں تاہم اداکارہ نے پہلے بھی محنت اور لگن سے اپنا کام خوبی سے کیا۔ان کی آنیوالی فلم میں بھی شاندار پرفارمنس ہوگی اور فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے گی ۔اداکارہ پوجا چوپڑا نے کہاہے کہ نئی فلم میں اہم کردار ملنے پر خوشی ہوئی ہے۔ 28سالہ اداکارہ پوجا چوپڑا نے بتایا کہ فلم میں میرٹ پر مجھے منتخب کیا گیا اور میں خود بھی یہ سمجھتی ہوں کہ اس کردار کے لیے مجھے منتخب کرنے کا فیصلہ بہت اچھا ہے ،اس کردار کو خوبی سے نبھاکر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کی کوشش کی ہے۔ اداکاری کے شعبے میں ہر فنکار کو یہ خواہش ہوتی ہے کہ منفرد اور روٹین سے ہٹ کر کردار ملیں اور انھیں پذیرآئی بھی حاصل رہے ۔یہی خواہش فنکار کو جستجو جاری رکھنے پر مجبور کرتی رہتی ہے۔پہلی فلم میں کوئی اہم کردار نہ ملنے کے باوجود اپنے حصے کے کام کو خلوص اور لگن سے مکمل کرکے حق ادا کرنے کی کوشش کی تھی اسی پرفارمنس کی بنا پر مجھے کئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکشیں ہوئیں ،انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں نئے چہروں کو آگے لانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور یہی سبب ہے کہ اچھا ٹیلنٹ متعارف ہوکر الگ مقام اور شناخت بنانے میں تیزی سے جاری ہے ۔انھوں نے کہا کہ 2009کے دوران مس ورلڈ کے مقابلے کے لیے جانا اور پھر’ بیوٹی ود اے پرپز ‘جیسا ایوارڈ جیتنا بھی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں سجی ہوئی وہ تقریب ناقابل فراموش ہے جس نے میری زندگی میں حوصلے اور امنگوں کی نئی طرح ڈال دی تھی ۔اداکارہ پوجا چوپڑا کا کہنا ہے کہ نئی فلموں میں اچھے کردار ملنے پر ہی کام کرسکوں گی ،اپنی الگ شناخت بنانا چاہتی ہوں ۔میگا اسٹار کے ساتھ کام کرکے زیادہ خوشی محسوس کرتی ہوں ۔اپنی خوبیوں اور خامیوں پر نظر رکھتی ہوں ، خامیوں کو دور کرنے کے لیے خود ہی اپنی نگرانی کرتی رہتی ہوں۔ واضح رہے کہ 1985کو مہاراشٹر کے علاقے پونے میں پیدا ہونے والی اداکارہ پوجا چوپڑا نے فلمی سفر کا آغاز2008میں ہندی فلم ’’فیشن ‘‘میںمختصر آمد سے ہوا۔ اس کے بعد پوجا چوپڑا نے 2011میں تامل فلم ’’پونار شنکر‘‘میں کام کیا اس فلم میں ان کی بھرپور پرفارمنس رہی ۔سائوتھ کے سینماگھروں میں اداکارہ کی پہلی فلم کی ریلیز کے بعد وہاں پر ان کی پرفارمنس کے بہت چرچے ہوئے،سنجیدہ فلمی حلقوں کی جانب سے ان کی اداکاری پر تبصرے ہوئے اور انھیں مستقبل کی بڑی اداکارہ قرار دیا جانے لگا اسی اثنا ء ہدایت کار مدھر بھنڈاریکر نے اپنی فلم ’’ہیرئن ‘‘میں مختصر کردار دیا ،2012کو جب فلم ’’ہیروئن ‘‘سینماگھروں کی زینت بنائی گئی تو اداکارہ کی مختصر آمد کا بھی نوٹس لیا گیا ۔بالی وڈ کے ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز کی جانب سے پوجا چوپڑا کو نئے پراجیکٹس کے لیے کاسٹ کرنے کی آفرز ہونے لگیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ پوجا چوپڑا نے کم عرصہ کے دوران خود کو منوانے کے لیے عمدہ کام کرکے دکھایا ہے آنیوالی فلم گزشتہ فلم کی طرز پر ہوگی تاہم اس کے ساتھ ہی جب انھیں مختلف کرداروں میں کاسٹ کیا جائے گا تو ان کی پرفارمنس میں بھی نکھار آجائے گا ۔ان کا کہنا ہے کہ ’’کمانڈوٹو ‘‘میں ان کا اہم کردار ہے ۔اداکارہ نے قبل ازیں اچھا کام کرکے اپنی آنیوالی فلموں کے حوالے سے بہترتوقعات وابستہ کرنے کے راستے کھولے ہیں۔ شائقین ان کی فلم کا انتظار کریں گے۔ ادھر ہدایت کار دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ ’’کمانڈو ٹو ‘‘کی ٹیم سے شائقین کی توقعات پر پورا اترے گی۔انھوں نے کہا کہ پوجا چوپڑا کی اداکاری کو بہتر انداز میں پیش کرنے کے لیے حالات پیدا کیے گئے ہیں ۔پوجا چوپڑا کی فلم میں پرفارمنس یادگار ہوگی ۔اداکارہ نے اپنے کام کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ کئی باتیں سیکھ لی ہیں ۔نئی فلم انھیں اچھی پرفارمر بھی ثابت کرے گی ۔

تبصرے بند ہیں.