سیف علی کی فلم ’’گو گوا گون‘‘ پر کویت اورنیپال میں پابندی لگادی گئی
ممبئی: سیف علی خان کی فلم ’’گو گوا گون‘‘ پر کویت اور نیپال میں پابندی لگادی گئی ہے۔ کویت کی حکومت نے فلم کی ریلیز پرہی پابندی لگادی جب کہ نیپال کی حکومت کا کہنا تھا کہ اگر فلم ریلیز کی جائے گی تو اس کے 20 کے قریب ایسے سین کاٹ دیئے جائیں گے جو اخلاقیات کے زمرے میں نہیں آتے۔ فلم ’’گو گوا گون‘‘ 4 دوستوں کی کہانی ہے جنہیں گوا میں بدروحیں گھیر لیتی ہیں اور وہ ان سے جان بچا کر بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں۔ فلم میں سیف علی خان نے اخلاق سے گرے ڈائیلاگ اوربعض جملوں میں گالیوں کا بھی استعمال کیا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں سیف علی خان کے ساتھ ویر داس، کنال خیمو اور پوجا گپتا شامل ہیں اور بھارت میں اسے آج نمائش کے لئے پیش کردیا گیا ہے ۔ فلم ’’گو گوا گون‘‘ ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار بن چکی تھی جب فلم کی تشہیری مہم کے لئے سیف علی خان کے ایک پوسٹر اور سین جس میں انہیں سگار پیتے دکھایا گیا تھا پر بھارت میں تمباکو نوشی کے خلاف کام کرنے والی مختلف تنظیموں نے اعتراضات اٹھائے تھے۔ دوسری جانب سیف علی خان بھی اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کرچکے تھے فلم میں انہوں نے روسی اور ہندی زبان میں گالیاں اور اخلاق سے گرے جملوں کا استعمال کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.