راولپنڈی کے راجہ بازار میں 2 گروہوں میں تصادم،7 افراد ہلاک،علاقے میں فوج تعینات

راولپنڈی کے راجہ بازار میں دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد کی ہلاکت کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی جسے کنٹرول کرنے کے لئے فوج کو طلب کر لیا گیا جب کہ شرپسندوں کی جانب سے کپڑے کی مارکیٹ میں آگ لگا دی گئی۔ راولپنڈی کے راجہ بازارسے گزرنے والے یوم عاشور کے جلوس پر فائرنگ کے بعد 2 گروپوں میں مسلح تصادم شروع ہو گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے اضافی ڈاکٹروں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔تصادم کے دوران شرپسندوں نے فیصل کلاتھ مارکیٹ کو آگ لگادی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے ارد گرد کی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ شرپسندوں نے بازار میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی لیکن وہ حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی جب کہ شرپسندوں کی جانب سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آگ بجھانے سے بھی روک دیا گیا۔ حالات قابو سے باہر ہونے کے بعد امن وامان کی صورت کی تمام ذمہ داری فوج کے حوالے کردی گئی فوج کی 6 کپمنیوں کو پارا چوک، راجا بازار، باڑا مارکیٹ، بنی چوک اور قدیمی روڈ پر تعینات کردیا گیا ہے جہاں فوجی دستوں نے گشت شروع کردیا ہے اور لوگوں کی پیچھے ہٹنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ راجہ بازار میں کشیدگی کے باعث قریبی تجارتی مراکز کو بند کرادیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کےمطابق واقعہ میں ملوث کچھ شرپسندوں کو تحویل میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے واقعہ میں مزید جانی ومالی نقصان کا بھی خدشہ ہے۔علاقے میں کشیدگی کے باعث سول اسپتال جانےوالے راستے بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت پریشانی کا بھی سامنا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے،شہباز شریف نے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دے دیا۔راولپنڈی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون رانا ثناءاللہ،شجاع خانزادہ،چیف سیکریٹری،ہوم سیکریٹری اور آئی جی پولیس پنجاب سمیت دیگر قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں واقعہ کی سخت مذمت کی گئی،شہبازشریف نے کابینہ کمیٹی کے ارکان کو فوری طور پر راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔

تبصرے بند ہیں.