بالی وڈ گلوكار میكا سنگھ گلوکاری کے بعد اب اداکاری کے بھی جوہر دکھائیں گے

ممبئی: بالی ووڈ گلوكار میكا سنگھ نے گلوكاری كے بعد اب اداكاری اور پروڈكشن كے شعبے میں بھی قدم ركھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ كے مطابق فلم ’’جب وی میٹ‘‘ كے گانے ’’موجاں ہی موجاں‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوكار میكا سنگھ فلم ’’بلویندر سنگھ فیمس ہوگیا‘‘ میں نہ صرف اداكاری كے جوہر دکھائیں گے بلكہ فلم میں سنیل اگنی ہوتری اور وندانہ جین كے ہمراہ پروڈكشن كے بھی فرائض سرانجام دیں گے، فلم میں ہدایات کاری کے فرائض بھی سنیل اگنی ہوتری ہی انجام دے رہے ہیں۔ میکا سنگھ کی اداکاری کے حوالے سے سنیل اگنی ہوتری كا كہنا ہے كہ فلم اچھے موضوع كو لے كر بنائی جارہی ہے اور وہ پر امید ہیں كہ میكا سنگھ فلم كے لئے بہترین انتخاب ثابت ہوں گے کیونکہ لوگ ان سے پیار كرتے ہیں اور وہ صرف اچھے اداكار وگلوكار ہی نہیں بلكہ اچھے انسان بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم جلد ہی بھارتی سینما گھروں میں نمائش كے لئے پیش كی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.