بالی ووڈ کے کئی اداکار غیر قانونی سرگرمیوں پر سزا بھگت چکے

سنجے دت غیر قانونی ہتھیار ، شاہ رخ سکیورٹی اہلکار سے جھگڑنے ، فردین خان کوکین رکھنے کے الزام میں تھانوں کا منہ دیکھ چکے ہیں

ممبئی :سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس میں مجرم قرار دے دیا گیا ۔ ان کے علاوہ سلمان خان کے دوست اور بالی ووڈ کھل نائیک سنجے دت اس وقت ریاست مہاراشٹر میں قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ۔ 16 مئی 2013 کو انہیں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ سلمان کے ایک اور دوست سیف علی خان کو بھی ایک مقدمے کا سامنا ہے ۔ سلمان اور سیف پر الزام ہے کہ 1998 میں دونوں نے پابندی کے باوجود سیاہ ہرن کا شکار کیا تھا ۔ سیف پر 2012 میں ایک بزنس مین کے ساتھ ہاتھا پائی کا الزام بھی ہے ۔ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان 2012 میں ممبئی کے کرکٹ سٹیڈیم میں سکیورٹی گارڈز کے ساتھ جھگڑ پڑے ۔ ان پر سکیورٹی اہلکار کو دھمکی دینے اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزامات بھی لگائے تھے ۔ شاہ رخ خان کو 1993 میں ایک صحافی کو دھمکی دینے کے الزام میں کچھ وقت تھانے میں بھی رہنا پڑا تھا ۔ نامور اداکار فردین خان کو 2001 میں کوکین رکھنے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کیا تاہم بعد میں عدالت نے انہیں باعزت طور پر بری کر دیا ۔

تبصرے بند ہیں.