موڈیز کے بعد اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کا پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف

کراچی………. امریکی نشریاتی ادارے’’بلوم برگ‘‘ کے مطابق موڈیز کے بعد اسٹینڈرڈ اینڈپورز نے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر لیا۔ امریکا کی مالیاتی سروس کمپنی اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے پاکستان کے کریڈٹ ریٹنگ آئوٹ لک کو مستحکم سے مثبت کردیا ۔ انہوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ توانائی کے کم اخراجات ، آئی ایم ایف کے قرض کے فروغ کی ترقی اور مالی معاملات کو بہتر بنانے کے پیش نظر رکھتے ہوئے کیا۔ایس اینڈ پی کا کہنا ہے 2015-2019 کے دوران بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا3.5فی صد اوسطاً رہے گا اور افراط زر 4 اعشاریہ 8 فی صد رہے گا۔ انٹرنیشنل کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اس سے قبل پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے مستحکم سے مثبت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی معاشی صورت حال پرمثبت تاثر پاکستان کی بہتر اقتصادی ترقی کے امکانات، مالیاتی اور بیرونی کارکردگی، اور اگلے 12 ماہ کے دوران بیرونی ڈونرز سے بہتر تعلقات پرہماری توقعات کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بی ریٹنگ کی درجہ بندی کا اعادہ کیا اور2015-2017 کے درمیان معاشی نمو کو 3.8 فیصد سے 4.6 فیصد تک اوسطاً رہنے کی پروجیکشن کی۔ایس اینڈ پی نے کہا کہ رسکس میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ، اہم تجارتی شراکت داروں اور تشدد کی صورت حال جیسے عوامل شامل ہیں۔ گزشتہ ماہ موڈیز نے کہا تھا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی صورتحال میں بہتری آئی ہے،مہنگائی کی شرح کم اورزرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں جس سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کا توازن بھی بہتر ہوا ہے۔اس اقدام میں وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے بجلی کے بحران کو حل کرنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے اقدامات لگ رہے ہیں، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مدد کے ساتھ ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر دوگنا ہوکر تقریباً 12.6 ارب ڈالر ہوگئے ہیں اور پاکستان کی اسٹاک کو ایشیا ء کی بہترین اسٹاکس میں شمار کیا گیا ۔ا یک ماہر اقتصادی امور کا کہناہے کہ غیر ملکی رقوم کی توقع کی جا سکتی ہے اور زیادہ ڈالرکا مطلب زیادہ اقتصادی استحکام ہو گا۔موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ چین کی طرف سے 46ارب ڈالر کے معاہدے کسی بھی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 28 گنا زیادہ ہیں جو سرمایہ کاری سرگرمیوں میں تیزی لانے اور ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی قلت کو کم کرنے میں مدد دے گی

تبصرے بند ہیں.