ہٹ اینڈ رن کیس، سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

مجرموں کی تابڑ توڑ ٹھکائی کر کے جیل بھیجنے والے چلبل پانڈے کو غیرارادی قتل کے جرم میں 5 برس قید کی سزا ہو گئی. جیل جانے سے پہلے ہی دبنگ خان کو دو روز کی عبوری ضمانت مل گئی۔ سلمان خان پر اربوں لگانے والے فلمسازوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے۔

ممبئی: شاندار فلمی کیریئر، ٹاپ کی فلموں کے ہیرو، اربوں روپے کی فلمیں ایسے میں پانچ سال قید کی سزا سلمان خان کا تو لگتا ہے سب کچھ ہی لٹنے والا ہے۔ ممبئی کے ایک عدالت نے ہٹ اینڈ رن کیس میں سلمان خان کو غیرارادی قتل کا مجرم قرار دے دیا۔ فیصلے کے بعد عدالت میں موجود سلمان خان بجھ کر رہ گئے۔ ان کے مداحوں کے چہرے بھی لٹک گئے۔ عدالتی فیصلے کے بعد اب سلو بھیا کو حقیقی زندگی میں پانچ برس جیل میں گزارنا ہوں گے۔ چلبلے کا کردار کرنے والے سلمان خان کو عدالت سے ہی ممبئی پولیس نے حراست میں لے لیا لیکن ممبئی ہائیکورٹ میں اپیل کرنے پر انہیں دو روز کی عبوری ضمانت مل گئی۔ عدالتی فیصلے نے کئی فلم سازوں اور تقسیم کاروں کے ہوش اڑا دئیے ہیں ان کی دو فلمیں شوٹنگ کے آخری مراحل میں ہیں جن پر اربوں کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔ دوسری جانب سلمان خان کے خلاف مقدمے کے فیصلے نے بالی وڈ فلمسازوں کو پریشان کر دیا ہے۔ سلمان خان کی سزا کے باعث فلمسازوں کے 2 سو کروڑ روپے ڈوب گئے ہیں۔ سلمان خان کی ان دنوں 4 بڑٰی فلموں کی شوٹنگ جاری تھی جن میں دبنگ تھری اور انٹری میں نو انٹری بھی شامل ہیں۔ سلمان خان کی سزا کے باعث ان فلموں پر ہونے والی سرمایہ کاری ڈوب گئی ہے۔ ان کی دو فلمیں”بجرنگی بھائی جان” اور ”پریم رتن دھن پایو” شوٹنگ کے آخری مراحل میں ہیں۔ ان فلمی پراجیکٹس کی مالیت 170 کروڑ روپے ہے۔ فلموں کے علاوہ 10 بڑی کمپنیوں کے اشتہارات کیلئے بھی کروڑوں ڈوبے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ سنجے دت کی طرح دبنگ خان پیرول پر رہائی پا کر ان پراجیکٹس کو پورا کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.