بالی ووڈ کی بڑی فلم میں آئٹم سانگ کروں گی، سارہ لورین

لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا ہے کہ اداکارائیں میری نقل کرتی ہیں، میں کسی کی نقل نہیں کرتی۔ میری ڈریسنگ، ہیئرسٹائل اورانداز کومختلف اداکارائیں اپناتی ہیں، میں نے کبھی کسی کو کاپی کرنے کی کوشش نہیں کی۔ کرینہ کپوراور کترینہ کیف نے فلموں میں آئٹم سانگ کیے وہ ان کی چوائس تھی مگر میں فی الحال بالی وڈ میں آئٹم سانگ فلمبندکروانے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ بالی وڈ کے متعددفلمسازاداروں نے اپنی فلموں میں آئٹم سانگ کرنے کی آفرزکیں لیکن میں نے صاف انکارکردیا۔ ’’بگ باس‘‘ میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں ، یہ پروگرام صرف نفسیاتی مریضوں کے لیے بنا ہے۔ ان خیالات کااظہارسارہ لورین نے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی چینل کے پروگرام ’’بگ باس ‘‘ میں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ اس پروگرام میں ریٹائر اورنفسیاتی لوگ شرکت کرتے ہیں۔ جو بلا وجہ چھوٹی چھوٹی باتوں کو ایشوبناتے رہتے ہیں یا پھر’’عشق‘‘ کرکے سستی شہرت حاصل کرتے ہیں۔ مجھے اپنے فنی سفرمیں جوشہرت اورمقام ملا ہے وہ صرف اورصرف میرے کام کی بدولت ہے۔ میں نے کوئی شارٹ کٹ راستہ تلاش نہیں کیا اورنہ ہی آئندہ بھی ایساکرنے کا کوئی پلان ہے۔ میں نے پاکستان میں بننے والے معیاری ڈراموں میں جاندارکرداراداکیے جس کی وجہ سے مجھے ایک منفرد پہچان ملی۔ اس کی بڑی وجہ معیاری کام ہی تھا۔ میں اگر معیارکی بجائے تعداد بڑھانے میں لگ جاتی تومیرا حال بھی انھی اداکاراؤں جیسا ہوتا جوچند برسوں بعد سکرین سے غائب ہوجاتی ہیں۔ اسی طرح جب مجھے بالی وڈ سے کام کی پیشکش ہوئی تومیں نے بالی وڈ میں کام کرنے سے قبل اس بات کودھیان میں رکھا تھا کہ مجھے کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا جس سے میرے ملک کی بدنامی ہو۔ میں نے یہاں بھی اچھا اورمعیاری کام کیا ہے اور مستقبل میں سامنے آنے والے پراجیکٹس اس بات کی گواہی دینگے۔ انھوں نے بتایا کہ بالی وڈ میں سالانہ ایک ہزارسے زائد فلمیں بنائی جاتی ہیں، لیکن ہرفلم معیاری نہیں ہوتی۔یہاں پرآفرزکا سلسلہ توجاری رہتا ہے مگرمیں بہت سوچ سمجھ کرفلم یا کوئی بھی پراجیکٹ سائن کرتی ہوں۔ایک سوال کے جواب میں سارہ لورین نے بتایا کہ بالی وڈ کی سُپراسٹارز کرینہ کپوراورکترینہ کیف نے فلموں میں آئٹم سانگز کیے ہیں لیکن اس کی ہرگزیہ مطلب نہیں ہے کہ میں ان کے نقش قدم پرچلتے ہوئے آئٹم سانگ کروں، میں اپنی مرضی سے کام کرتی ہوں اورجو پراجیکٹس مجھے سمجھ نہیں آتے میں ان کوکرنے سے معذرت کرلیتی ہوں۔ حال ہی میں مجھے دو فلموں میں آئٹم سانگ کرنے کی آفرزہوئیں مگرمیں نے صاف انکارکردیا تھا۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ میں نے اگرکسی فلم میں آئٹم سانگ کرنے کی حامی بھری تووہ کسی بڑے بینرکی فلم ہوگی اوراس میں، میری پرفارمنس بھی یادگارہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ مجھے ڈانس سے خاصا لگاؤ ہے اورمیں اس فن میں مہارت کے لیے ممبئی کے ایک معروف کوریوگرافرسے باقاعدہ تربیت بھی حاصل کررہی ہوں۔ اس سلسلہ میں ہرروزتربیت کے لیے ڈانسنگ اسکول جاتی ہوں۔اس کے علاوہ یوگا کلاسز بھی لے رہی ہوں جس کی وجہ سے میری فٹنس میں بہتری آئی ہے۔ ایک پُرکشش فلمی ہیروئن دکھنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑتی ہے اورمیں اس کے لیے بہت محنت کرتی ہوں۔ میرے آئندہ آنے والے پراجیکٹس میں، میرے چاہنے والوں کے لیے بہت کچھ ہوگا۔ بھارت میں کچھ کمرشلزبھی سائن کیے ہیں جن کی شوٹنگ بھارت کے مختلف علاقوں میں کی جائے گی۔ یہ بھی لوگوں کی توجہ کا مرکزبنے گی۔ سارہ لورین نے پاکستان آنے اوریہاں کام کرنے کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان میرا ملک ہے اورمیری پہچان ہے۔ اس سے دورہونے کا کبھی تصورنہیں کیا۔ میں بھارت میں کام کرنے کے لیے آئی ہوں اوراسی لیے یہاں قیام کیا ہوا ہے۔ مگرعیدالاضحٰی پاکستان میں اپنی فیملیزکے ساتھ مناؤں گی۔ اس موقع پرٹی وی چینلز کے پروگراموں میں شرکت کا بھی امکان ہے۔ پاکستان میں قیام کے دوران میں ایک دونئے پراجیکٹس سائن کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ اس سلسلہ میں مجھے فون کالز موصول ہوئی تھیں لیکن میں جب تک اسکرپٹ اوراپنے کردارکے بارے میں نہیں جان لیتی اس وقت تک کسی بھی پراجیکٹ میں کام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ جہاں تک بات دوسری اداکاراؤں کی ہے تووہ اپنے اچھے برے کی خود ذمے دار ہیں۔ میں کسی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی۔ مجھے صرف اپنے کام سے غرض ہے جس کو محنت، لگن سے کررہی ہوں اوریہی میری کامیابی کاراز بھی ہے۔

تبصرے بند ہیں.