اپنی ساکھ برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی، سری دیوی

بالی ووڈ اداکارہ سری دیوینے کہا ہے کہ فلمیں کرتی رہوں گی۔ آنیوالی فلموں میں مختلف کردار ملے ہیں ۔اپنی ساکھ برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی۔واضح رہے کہ تامل،تیلگو اور ملیالم زبانوں میں کئی سپر ہٹ فلمیں دینے والی سری دیوی نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز بحیثیت چائلڈ آرٹسٹ چار سال کی عمر میں تامل فلم تھنائیواں سے کیا۔فلم جولی سے بحیثیت معاون اداکارہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی سری دیوی نے بطور ہیروئن ’’سولہواں ساون‘‘سے اس انڈسٹری میں قدم جمانے شروع کیے۔ بعد ازاں پے درپے ہمت والا، صدمہ، نگینہ، کرما، جانباز، مسٹر انڈیا، چالباز،چاندنی،لمحے ،خدا گواہ، گمراہ، لاڈلا اور جدائی جیسی کئی کامیاب و بہترین ہندی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاتے ہوئے سری دیوی نے جہاں فلمی ناقدین سے بے پناہ دادو تحسین سمیٹی وہیں درجنوں ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔فلمساز بونی کپور سے شادی کے بعد 15 سال تک فلم انڈسٹری سے دور رہنے والی سری دیوی نے گذشتہ سال’’انگلش ونگلش‘‘سے فلمی پردے پر واپسی کی جس نے انھیں ایک بار پھر صفِ اول کی نوجوان اداکارائوں کے مدِ مقابل لاکھڑا کیا۔

تبصرے بند ہیں.