انوشکا شرما فلم ’’شدھی‘‘ سے آؤٹ، کرینہ 10 سال بعد ہریتک کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی

ممبئی: فلمساز کرن جوہر کی نئی آنیوالی فلم ’’شدھی ‘‘میں اب انوشکا شرما کی جگہ کرینہ کپور کو لیڈی لیڈنگ رول میں کاسٹ کرلیا گیا ہے ۔ اس فلم میں کرینہ کپور اداکار ہریتک روشن کی ہیروئن بنیں گی ۔بالی وڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرینہ کپور اور ہریتک روشن 10برس بعد پھر کسی پراجیکٹ میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں ۔دونوں فنکار آنیوالی دیوالی کے موقع پر اس فلم کی ریلیز کی صورت سلور اسکرین پر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے ۔فلم ساز کرن جوہر کی اس فلم کے ہدایت کار کرن ملہوترا ہیں ۔فلم کے لیے ہریتک روشن کا انتخاب بہت پہلے کیا جاچکا تھا۔2014 کو دیوالی پر سینماگھروں کی زینت بنائی جانے والی اس فلم کی اب نئی جوڑی کرینہ اور ہریتک روشن ہی ہونگے۔ادھر کرینہ کپور نے کہا ہے کہ ہر طرح کا کردار نبھایا ہے ،نئے کرداروں کے لیے رسک لیا جاتا ہے اور اس طرح کا رسک میں آئندہ بھی لیتی رہوں گی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر فلم میں مختلف نظر آنے کی خاطر اپنے ہر نئے کردار پر بڑی محنت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ شادی اور فلموں کی کامیابی سمیت متعدد خوشیاں نصیب ہوئی ہیں،یہ سال بے شمار خوشیاں لایا۔ انھوں نے بتایا کہ2000 میں فلم ’’رفیوجی ‘‘ سے لے کر اب تک مختلف کردار نبھائے اور ہر کردار کو مختلف انداز میں کرکے شائقین کے دل جیتے ہیں ۔ مداحوں کی محبت نے ہی مجھے اتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کیا ہے اور میں آج بھی تازہ دم نئی فلموں کے لیے کام کررہی ہوں۔32سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئی فلم میںخاتون جرنلسٹ کا کردار بھی نبھارہی ہوں اس سے قبل بھی ٹی وی رپورٹر کا کردار نبھایا ہے تاہم اس فلم میں لیڈنگ لیڈی رول میں جلوہ گر ہونگی ۔ کرینہ کپور نے کہا ہے کہ شادی کے بعد اپنی روٹین کی شوبز سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہوں ،سیف علی خان کے ساتھ بہت خوش ہوں۔ واضح رہے کہ 21ستمبر 1980 کو کپور خاندان کے اہم اداکار رندھیر کپور اور ببیتا کے گھر میں پیدا ہونے والی کرینہ کو پیار سے بے بو بھی کہا جاتا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.