کامران نے ہمت نہیں ہاری، زمبابوے جانے کے خواہاں

لاہور: دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے کے باوجود وکٹ کیپر کامران اکمل نے ہمت نہیں ہاری، وہ اب ٹیم کے ہمراہ زمبابوے جانے کے خواہاں ہیں۔ انھوں نے امریکا سے واپسی کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریکٹس شروع کردی، ان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ آرڈر میں بار بار تبدیلی کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہوئی، سخت محنت سے خامیاں دور کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران وکٹ کیپنگ میں پرفارمنس اچھی رہی، بیٹنگ آرڈر میں بار بار تبدیلی کی وجہ سے بھرپور کوشش کے باوجود رنز نہ کرسکا، انھوں نے کہا کہ کسی بھی بیٹسمین کی پوزیشن تبدیل ہوتی رہے تو کارکردگی میں تسلسل نہیں رہتا۔انگلینڈ میں مجھے ضرورت کے مطابق کبھی ابتدائی تو کبھی نچلے نمبرز پر بھیجا گیا، توجہ منتشر ہونے سے توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہوسکا،انھوں نے کہا کہ پرفارمنس بہتر بنانے کیلیے سخت محنت شروع کردی، بطور پروفیشنل کرکٹر فٹنس برقرار رکھنا ضروری ہے، این سی اے میں دستیاب سہولیات اور کوچنگ اسٹاف کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے اپنی خامیاں درست کرنے کی کوشش کروں گا، بیٹنگ کے ساتھ وکٹ کیپنگ پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہوں، میری نظریں دورہ زمبابوے پر مرکوز ہیں، سلیکٹرز نے موقع دیا تو انتخاب درست ثابت کردوں گا۔

تبصرے بند ہیں.