کراچی: آن لائن ریٹیلر اسٹور ’دراز‘ نے 20 روپے میں فلم ’قائدِاعظم زندہ باد‘ فروخت کرنے کی وضاحت پیش کر دی ہے۔گزشتہ روز پاکستان کی سپر اسٹار ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کی فلم قائدِاعظم زندہ باد کی دراز پر 20 روپے کی فروخت دیکھ کرفلم سازنبیل قریشی نے اظہارِ برہمی کیا تھا۔نبیل قریشی نے ٹوئٹ میں لکھا ’ان کی فلم جو ابھی تک سینما ہالز میں دکھائی جا رہی ہے، اس کی چوری شدہ کاپی کو غیر قانونی طور پر دراز پر محض 20 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ’ اس طرح غیر قانونی طرح سے فلم کی دراز پر فروخت کی وجہ سے فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچے گا اور پروڈکشن ہاؤس درا ز کیخلاف قانونی کارروائی کرے گا‘۔فلم ساز کے علاوہ اس کی پروڈیوسر فضا علی مرزا سمیت قائدِاعظم زندہ باد میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی ماہرہ خان نے بھی ٹوئٹر پر دراز کو ٹیگ کرتے ہوئے اظہارِ برہمی کیا۔تاہم دراز نے اس پر ردِعمل دیتے ہوئے وضاحت پیش کر دی ہے آن لائن ریٹیلر اسٹور کے مطابق پلیٹ فارم پر ایک سیلر (دکاندار) نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی کاپی کو غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔دراز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ معاملے کا علم ہونے پر انتظامیہ نے ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو فروخت ہونے والی اشیا کی فہرست سے خارج کردیا۔ساتھ ہی واضح کیا کہ دراز اس طرح کے غیر قانونی کاموں اور ضوابط کی خلاف ورزیوں کو سپورٹ نہیں کرتا۔یاد رہے کہ’قائد اعظم زندہ باد‘ کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا گیا تھا، جس نے ایک ماہ میں 50 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا فلم میں فہد مصطفیٰ نے سندھ پولیس کے افسر گلاب کا کردار ادا کیا تھا جبکہ ماہرہ خان پہلی بار ان کے ساتھ بطور ہیروئن دکھائی دی تھیں۔
تبصرے بند ہیں.