ممبئی (این این آئی)سنجے لیلا بھنسالی کی 1999 میں آنے والی فلم، ‘ہم دل دے چکے صنم’ کو بالی ووڈ کی سدا بہار فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں ایشوریا رائے بچن، سلمان خان اور اجے دیوگن شامل تھے۔ اس فلم کو دیکھنے والوں اور نقادوں دونوں ہی نے پسند کیا تھا اور اس فلم کی ہیروئن ایشوریا رائے نے بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ جس نے ایشوریا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ لیکن بہت کم لوگوں کو معلوم ہوگا کہ ایشوریا، نندنی کا کردار ادا کرنے کے حوالے سے بھنسالی کا پہلا انتخاب نہیں تھیں، ان سے قبل اس فلم میں اس کردار کے لیے کرینہ کپور خان سے رابطہ کیا گیا تھا۔بھنسالی نے کرینہ کو ‘نندنی’ کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے انھیں بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کو کہا تھا۔ تاہم اس موقع پر بیبو (کرینہ کپور) نے تعلیم کے حوالے سے بیرون ملک جانے کی وجہ سے اس پیشکش کو قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل سے انٹرویو کے دوران کرینہ کپور نے کہا کہ جب سنجے لیلا بھنسالی نے انھیں اس فلم کی پیشکش کی تو اس وقت وہ بہت کم عمر تھیں اور حصول تعلیم کے لیے بیرون ملک جارہی تھیں۔کرینہ نے کہا کہ بھنسالی نے انھیں ‘باجی رائو مستانی’ میں کام کی آفر بھی کی تھی، لیکن انھوں نے اس میں بھی کام نہیں کیا تھا۔واضح رہے کہ کرینہ کپور نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز سن 2000ء میں جے پی دتہ کی فلم ریفیوجی میں ابھیشک بچن کے ساتھ کیا، اور انھوں نے اب تک اپنے 20 سالہ فلمی کیریئر کے دوران سنجے لیلا بھنسالی کی کسی فلم میں کام نہیں کیا۔ دریں اثنا معلوم ہوا ہے کہ کرینہ آنے والے دنوں میں عامر خان کے ساتھ لال سنگھ چڈا میں نظر آئیں گی، اور انھوں نے اس فلم کی شوٹنگ کورونا وائرس کے بعد نیو نارمل دور میں مکمل کی ہے، جبکہ وہ کرن جوہر کی فلم تخت میں بھی کام کررہی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.