ممبئی میں جیا خان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا
ممبئی: خودکشی کرنے والی بالی ووڈ اداکارہ جیا خان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ جوہو قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ جیا خان کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ان کے اپارٹمنٹ لائی گئی اور جوہو قبرستان میں ان کی تدفین کر دی گئی جہاں بالی ووڈ کی عظیم ہستیاں محمد رفیع اور مدہو بالا بھی مدفون ہیں۔ عامر خان اپنی اہلیہ کرن راؤ اور کچھ دوسرے قریبی دوستوں کے ہمراہ جیا خان کے گھر ان کی تدفین میں شریک ہونے کے لئے پہنچے، جیا خان نے عامر خان کے ساتھ فلم گجنی میں کام کیا تھا اور ان کی موت کی خبر سن کر عامر خان نے گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا تھا۔ جیا خان کی تدفین سے قبل ان کے گھر ادیتیہ پنچولی اپنی اہلیہ زرینہ وہاب اور بیٹے سورج پنچولی کے ساتھ پہنچے، اس موقع پر ادیتیہ پنچولی اورمیڈیا کے نمائندوں کے درمیان کچھ گرما گرمی بھی ہوئی جس کے دوران ان کی گاڑی کی چابی بھی چھین لی گئی، اداکار رتیش دیشمکھ، ہدایت کار مہیش بھٹ، صوفی چوہدری، پریم چوپڑا اور عروشی ڈھولیکیا بھی تدفین میں شرکت کے لئے جیا خان کے گھر پہنچے۔ واضح رہے کہ ادیتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی جیا خان کے دوست تھے اور خودکشی سے قبل جیا خان نے آخری دفعہ فون پر انہی سے بات کی تھی جس کی بنا پر پولیس نے انہیں جیا کی موت کے معاملے میں شامل تفتیش کیا تھا۔
تبصرے بند ہیں.