شریف برادران اور سعد رفیق کو نااہل قراردینے پر لاہور ہائیکورٹ کا اعتراض برقرار

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے شریف برادران اور خواجہ سعد رفیق کی نااہلی کے لئے درخواست پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کو مزید دلائل دینے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت درخواست گزار شاہد اورکزئی نے موقف اختیار کیا کہ تینوں سیاسی رہنما سپریم کورٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں اس کے باوجود انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی۔ عدالت تینوں افراد کو نااہل قرار دینے کے احکامات جاری کرے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اپیلوں کی سماعت کا سلسلہ بند ہو چکا اورفل بنچ بھی ختم ہوچکا ہے تاہم درخواست گزار کی درخواست قابل سماعت ہوئی تو نیا فل بنچ بھی بنا دیں گے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے تینوں رہنماؤں کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار سے کہا کہ وہ 11جون کو اس حوالے سے مزید دلائل دیں۔

تبصرے بند ہیں.