ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی لہر ختم ہونے کا امکان
اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری گرمی کی لہر کل ختم ہو جائے گی ،محکمہ موسمیات نے آج رات سے اسلام آباد ، بالائی پنجاب و خیبرپختونخوا سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ روز بھی ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیراثر رہے جس کے باعث ملک میں سب سے ذیادہ گرمی نورپور تھل اور بھکر میں پڑی جہاں ذیادہ سے ذیادہ درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے جبکہ اتوار کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی لہر ختم ہو جائے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام یا رات سے اسلام آباد ، بالائی پنجاب و خیبرپختونخوا سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مالاکنڈ ڈویڑن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے ذیادہ گلگت میں سات ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تبصرے بند ہیں.