پنجاب:سخت گرمی میں بجلی کی طویل بندش،شہری بلبلا اٹھے
پنجاب: پنجاب میں بجلی بحران روز بروز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے،سخت گرمی میں اٹھارہ سے اکیس گھنٹوں کی طویل بجلی بندش نے شہریوں کی زندگیاں عذاب بنا دی ہیں۔بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے جہاں نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے وہیں کاروباری اور صنعتی سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ اہلیان لاہوران دنوں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں،شہر میں اٹھارہ سے انیس گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کو بے حال کر رکھا ہے،آگ برساتی گرمی میں کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔مزنگ،سوڈی وال،اقبال ٹاون،گلشن راوی،سبزہ زار،ساندہ،شام نگر،اچھرہ اور شاہ جمال سمیت شہر کے متعدد علاقوں کے مکینوں نے رات گلیوں میں گزاری۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ،شیخوپورہ،فیصل آباد،منڈی بہاو الدین،راجن پور،اوکاڑہ اور گجرات کے شہریوں کو سترہ سے انیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔طویل بجلی بندش سے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں جبکہ پینے کے پانی کی قلت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔وزیر آباد،ملتان،ساہیوال،خانیوال،چینوٹ،قصور، سرگودھا ، مظفرگڑھ، بھکر،جھنگ،رحیم یار خان،صادق آباد،حافظ آباد سمیت صوبے کے تمام شہروں میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی درھم برھم کر دیئے ہیں۔دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے اکیس گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کی زندگیاں اجیران بنا دی ہیں۔ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب سولہ ہزارمیگاواٹ ہے جبکہ پیداوار نو ہزار پانچ سو میگاواٹ رہ گئی ہے اس طرح واپڈا کو چھ ہزار پانچ سو میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔
تبصرے بند ہیں.