متحدہ نے دھرنا ملتوی کر دیا، جمعہ کو یوم تشکر منایا جائے گا
کراچی: ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست کا فیصلہ آنے تک دھرنا ملتوی کر دیا۔ جمعے کو یوم تشکر منایا جائے گا۔ الطاف حسین نے نوازشریف اورعمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ کے مینڈیٹ کو بھی کھلے دل سے تسلیم کیا جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لندن اور کراچی کی رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا اپیل کی کہ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا ملتوی کردیا جائے۔ جس پر رابطہ کمیٹی نے دھرنا ملتوی کردیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز ان کی تقریر کے دوران اگر ان کے الفاظ سے صحافی برادری، اینکرپرسن کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ ان سے خلوص دل سے معذرت چاہتے ہیں۔ دھرنے کے شرکاء سے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے نوازشریف اور عمران خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ملنے والے مینڈیٹ کو کھلے دل سے تسلیم کیا ہے۔ اور کہا ہے کہ دونوں جماعتیں ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کو بھی کھلے دل سے تسلیم کریں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ دھرنے کی کامیابی میں جمعے میں یوم تشکر منائیں گے
تبصرے بند ہیں.