اسلام آباد: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں نواز حکومت بنتے ہی امریکی وزیرخارجہ جان کیری پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جین ساکی کے مطابق جان کیری نے مسلم لیگ نون کے سربراہ نوازشریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں رہنماوں کے درمیان پاک امریکا تعلقات سمیت مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات ہوئی۔ ترجمان کے مطابق پاکستان افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی جان کیری نے نوازشریف سے کہا کہ وہ ان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مل کر کام کرنے کے لیے پر امید ہیں۔ امریکا پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے اور اس مقصد کے لیے جان کیری جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے امریکا سے بہتر تعلقات کا عزم ظاہر کیا ہے۔ امریکا بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت مختلف معاملات پر نئی حکومت سے خوشگوار اور مثبت تعلقات کا خواہاں ہے۔
تبصرے بند ہیں.