Latest National, International, Sports & Business News

آئینی عدالت نے پولٹری فیڈ ملز سے 4 فیصد اضافی ٹیکس وصولی غیرقانونی قرار دے دی

اسلام آباد:وفاقی آئینی عدالت نے پولٹری فیڈ ملز سے 4 فیصد اضافی ٹیکس کی وصولی غیرقانونی قرار دے دی۔وفاقی آئینی عدالت نے غیررجسٹرڈ پولٹری فارمز کو فیڈ سپلائی کرنے سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا، جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیصلہ جاری کیا اور قرار دیا کہ ٹیکس قانون کے سیکشن 31اے میں ابہام ہے۔فیصلہ کے مطابق حکومت نے غیررجسٹرڈ پولٹری فارمز کو فیڈ سپلائی کرنے پر مل مالکان پر اضافی ٹیکس عائد کیا، اضافی ٹیکس سال 2024 کے فنانس ایکٹ کی مد میں وصول کیا جا رہا تھا۔فیصلہ میں مزید بتایا گیا کہ قانون کے مطابق پولٹری فارمز کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، قانون کے مطابق استثنی ملنے پر پولٹری فارمز رجسٹریشن کے پابند نہیں ہیں، قانون غیررجسٹرڈ پولٹری فارمز کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔وفاقی آئینی عدالت کے مطابق رجسٹریشن کی قانونی پابندی نہ ہونے پر پولٹری فارمز اور فیڈ ملز کو سزا نہیں دی جا سکتی۔آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا، لاہور ہائیکورٹ نے پولٹری فیڈ ملز سے 4 فیصد اضافی ٹیکس کی وصولی کو درست قرار دیا تھا، پولٹری فیڈ ملز مالکان نے اضافی ٹیکس کی وصولی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.