سینما عروج پر ہے 100 جدید سینما تیار ہورہے ہیں، فخر عالم

سینما گھروں میں فلم سے قبل قومی ترانہ بجانے سے گریز روایت بن گئی ہے،ایسے تمام سینما گھروں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں فلم شو سے قبل قومی ترانہ اسکرین نہ کیا جائے۔ سنسر شپ کی اصطلاح ترک کرکے اب فلم سرٹیفکیشن کا سسٹم رائج کیا جائے گا یہ بات چیئرمین فلم سنسر بورڈ سندھ فخر عالم نے بدھ کو کراچی پریس کلب کی کلچرل کمیٹی کے تحت استقبالیے سے خطاب میں کہی، انھوں نے کہا کہ سندھ فلم موشن ایکٹ میں خامیاں ہیں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ فلم سرٹیفکیشن اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تبدیلی کے اقدامات کو موثر بنایا جائے، میری خواہش ہے کہ کراچی میں نیف ڈیک اسلام آباد کی طرز پر زمین حاصل کرکے سینما اور دفاتر اور فلم اکیڈمی قائم کی جائے،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ حکومت پر بوجھ نہ پڑے، جن سینمائوں میں غیر سنسر فلمیں ریلیز کی جائیں گی ان کے خلاف ایکشن لیں گے یہ درست ہے کہ بھارتی فلموں سے پاکستانی سنیما آباد ہوئے لیکن ہمیں اپنی فلموں اور فلم پروڈیو سرز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔پائریسی کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا، جدید سینما گھروں کی تعمیر سے فلمی بحران کا خاتمہ یقینی ہے، سنسر کوڈ کی تبدیلی کے لیے قانون سازی کی جائے گی تاکہ فلموں کی نمائش کے حوالے سے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو گرفت میں لایا جاسکے، پاکستانی فلم انڈسٹری کا اچھا دور شروع ہوگیا ہے، سینما انڈسٹری عروج پر ہے سندھ بھر میں 100 سے زائد جدید سینما گھر تعمیر ہورہے ہیں، جن کے بننے کے بعد فلم انڈسٹری پر مزید عروج آئے گا اور لوگوں کو روزگار بھی میسر آئے گا۔ فخر عالم نے کہا کہ کیبل پر دکھائی جانے والی غیر سنسر فلموں اور ویڈیو مارکیٹ میں فروخت ہونے والی فلموں کے خلاف کارروائی کے لیے ضابطہ طے کیا جارہا ہے، سنسر بورڈ میں کرپشن برداشت نہیں کریں گے، اب ٹال مٹول سے کام نہیں چلے گا بلکہ فوری طور پر کام مکمل کریں گے،اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کروں گا اگر میری باتوں پر عمل نہ ہوا تو گھر چلا جائوں گا نظام کو درست کرنے کے لیے کسی بھی کارروائی سے گریز نہیں کروں گا ملک میں قوانین تو موجود ہیں لیکن عمل نہیں ہورہا جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں ،فلم انڈسٹری کو انڈسٹری تو کہا جاتا ہے لیکن اسے پالیسی کا حصہ نہیں بنایا جاتا فلم انڈسٹری ہماری معیشت کا بہت بڑا حصہ ہوسکتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.