باری ملک نے ’’یکے والی‘‘ کی کامیابی کے بعد باری اسٹوڈیو قائم کیا

لاہور: معروف فلمساز اور باری اسٹوڈیوکے بانی باری ملک نے اپنی فلموں یکے والی اور ماہی منڈا کی کامیابی کے بعد لاہور میں باری اسٹوڈیوقائم کیا۔ پاکستانی فلمی صنعت کی تاریخ جب بھی رقم ہوگی اس میں جال موومنٹ کا ذکر ضرور أئے گا۔ یہ ہماری فلمی تاریخ کا وہ باب ہے جو ہنگامہ خیز ہونے کے ساتھ ساتھ دور رس نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہوئی اوربھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی جیسا اہم ترین فیصلہ ہوا ۔ ’’جال‘‘ بھارتی اداکار ، فلمساز وہدایتکار گرودت کی ایک فلم تھی جس کی نمائش کے خلاف فلمی صنعت کے سرکردہ شخصیات نے احتجاج کیا تھا اس تحریک کی قیادت ڈبلیو زیڈ احمد کر رہے تھے۔یہ فلم پاکستان میں باری ملک کے پاس تھی ان کا کہنا تھا کہ فلم کو چلنے دیا جائے وہ اس کی آمدنی سے لاہور میں ایک فلم اسٹوڈیو تعمیر کرینگے۔ جال تحریک کے بعد جب بھارتی فلموں پر پابندی عائد کردی گئی تو مجبورا باری ملک نے فلمسازی کی ابتدا کرتے ہوئے ملک ٹاکیز ادارے کے تحت پہلی فلم ’’ماہی منڈا‘‘ بنائی جس کی ہدایات ایم جے رانا اور موسیقی جی اے چشتی نے دی۔ شیخ اقبال کی تحریر کردہ اس کہانی کے مکالمے بابا عالم سیاہ پوش نے لکھے تھے۔ مسرت نذیر اور سدھیر نے مرکزی رومانوی کرداروں میں پیش ہوئے۔ مارچ 1956ء میں نمائش ہونے والی یہ فلم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔ باری ملک نے اس صورتحال اور غیر متوقع کامیابی کے پیش نظر ایک دوسری فلم ’’یکے والی‘‘ فلمانے کا اعلان کردیا ۔’’ماہی منڈا‘‘ کے ہی رائٹر ، موسیقار ، فنکاروں اور ڈائریکٹر ایم جے رانا نے ہی ریکارڈ ٹائم میں مکمل کرتے ہوئے نمائش کے لیے پیش کیا گیا تو اس نے ’’ماہی منڈا‘‘ کابھی ریکارڈ توڑ دیا اور لاجواب سپرہٹ شاہکار ثابت ہوئی ۔ اس فلم کی کامیابی کے بعدباری ملک نے ملتان روڈ پر قطعہ اراضی خرید کر اس پر باری فلم اسٹوڈیوکی تعمیر کا آغاز کردیا اور ساتھ ہی ساتھ فلمسازی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ اس اسٹوڈیو میں لاتعداد پنجابی فلمیں بنیں، باری اسٹوڈیو کو ممبئی کے چندو لال شاد کے رنجیت اسٹوڈیو سے تشبیہ دی جاتی ہے ۔ باری ملک عہد شباب میں بڑے حسین وجمیل ہوا کرتے تھے ان کا تعلق بھی لاہور کی ککے زئی برادری سے ہے۔ مشہور اداکار ، فلمساز وہدایتکار نذیر رشتے میں ماموں بتائے جاتے ہیں ۔ نذیر کی بڑی بیٹی ثریا جو دلیپ کمار کے بھائی ناصر خان سے بیاہی گئی تھی اس سے علیحدگی کے بعد باری ملک سے شادی کرلی تھی لیکن یہ بندھن بھی زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکا۔ باری ملک نے ابتدائی دور میں ہیروئن نجمہ سے شادی کرلی جس سے تین بیٹے راحیل ، خرم اور زرق باری ہیں ۔ باری ملک نے دوسری شادی اداکارہ سلونی سے کی ۔ سلونی سے ان کی ایک بیٹی ہے جس کی شادی الیاس کشمیری کے صاحبزادے سے ہوئی۔ ہدایتکار حسن طارق کی فلم ’’دوسری شادی‘‘ کے فلمساز بھی باری ملک تھے ۔ ہدایتکار ایم جے رانا کی ’’سہتی‘‘ اور خلیل قیصر کی اولین فلم ’’ یاربیلی ‘‘ کے فلمساز بھی باری ملک تھے ۔

تبصرے بند ہیں.