نرگس فخری فلم ’’مدراس کیفے‘‘میں صحافی کے روپ میں جلوہ گر ہونگی
ممبئی: 2011میں بالی وڈ میں قدم رکھنے والی ماڈل و اداکارہ نرگس کی نئی فلم مکمل ہوگئی ہے ۔ اداکارہ کی پہلی فلم رنبیر کپور کے ساتھ تھی۔ رواں سال اگست میں ریلیز ہونے والی فلم ’’مدراس کیفے‘‘میں نرگس فخری جان ابراہم کے ساتھ جلوہ گر ہورہی ہیں۔ اداکارہ نرگس فخری نے اس فلم میں روٹین سے ہٹ کر کردار نبھایا ہے۔ جان ابراہم نے فلم میں مرکزی کردار اداکیا ہے جب کہ نرگس فخری ان کے مدمقابل لیڈنگ لیڈی رول میں نظر آئیں گی۔ بالی وڈ اداکارہ نرگس فخری نے کہا ہے کہ نئی فلم ’’مدراس کیفے‘‘ میں جان ابراہم کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا،اس فلم میں دہشتگردی کو موضوع بنایا گیا ہے، مافیا کی خوفناک کہانی بھی ہے اور سچے وکھرے لوگوں کی وفا کا درس بھی ملتا ہے۔ اس فلم میں مجھے ایک بین الاقوامی سطح کی ورکنگ جرنلسٹ کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ 33سالہ اداکارہ نرگس فخری کا کہنا ہے کہ فلم میں جس نوعیت کا کردار مجھے دیا گیا اسے نبھانا کوئی آسان کام نہ تھا ،یہ انتہائی مشکل اور چیلنجنگ کردار تھا جس کے لیے مجھے بہت سخت محنت کرنا پڑی ۔اس کردار کو خوبی سے نبھانے کے لیے بڑی تگ ودو اور جستجو کی ہے ۔فلم کی کہانی کو سمجھ کر اپنے کردار کو مثالی انداز میں فلمانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائی ہوں ۔فلم کی کہانی اور کردار کے تال میل کو حیقیقت کے قریب تر لانے کے لیے ایسے واقعات پر بھی غور کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ معاشرے میں اس طرز کے کرداروں کا مطالعہ کرتی رہی ہوں ۔اپنے کردار کو نبھانے کے جب قابل ہوئی تو پھر فلم میں کام کرنے کی حامی بھی بھرلی ۔اداکارہ نرگس فخری نے بتایا کہ اس فلم کی شوٹنگز سری لنکا سمیت بھارت کے مختلف مقامات پر کی گئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ جان ابراہم نے بھی بہت عمدہ پرفارم کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.