ایس اینڈ پی نے پاکستان کا اقتصادی آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کر دیا

دنیا کی دوسری بڑی ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے بھی پاکستان کی اقتصادی صورتحال کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھا دی ہے۔ 2015 سے 2017 تک معاشی ترقی کا ہدف بھی بڑھا کر چار اعشاریہ چھ فیصد کر دیا ہے۔ اس سے پہلے موڈیز نے بھی پاکستان کی درجہ بندی مستحکم کر دی تھی۔

اسلام آباد:  دنیا کی دوسری بڑی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے طویل مدتی اقتصادی آؤٹ لک مستحکم سے مثبت کر دیا ہے جبکہ 2015 سے 2017 تک پاکستان کی معاشی ترقی کا ہدف بھی بڑھا کر چار اعشاریہ چھ فیصد کر دیا ۔ ایس اینڈ پی نے پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو کا ہدف پہلے تین اعشاریہ آٹھ فیصد رکھا تھا۔ اس سے قبل دنیا کی سب سے بڑی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی پاکستان کی فارن کرنسی کی درجہ بندی منفی سے بڑھا کر مستحکم کی تھی۔ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کے مطابق پاکستان نے معاشی استحکام کے لئے کئی اقدامات کئے۔ مالی اور بیرونی شعبے میں بھی بہتری آئی ، تیل کی قیمتوں میں کمی اور معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے پاکستان کی مالی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ بیرونی رقوم کی آمد اور ترسیلات زر کے باعث مالی مشکلات میں کمی ہوئی۔ امریکی ایجنسی کا کہنا ہے اس مدت میں مہنگائی میں اضافے کی اوسط شرح پانچ فیصد سے کم پر رہے گی جو ابتدائی اندازے سے کم ہو گی ۔ پاکستان کی فی کس آمدن چار اعشاریہ تین فیصد اضافے سے ایک ہزار 460 ڈالر رہے گی۔ ایس اینڈ پی کے مطابق پاکستان کی معیشت میں بہتری کے باوجود خدشات موجود ہیں ۔ کم آمدن ، مانیٹری پالیسی کے کمزور ڈھانچے ، محاصل کے اہداف میں شارٹ فال اور کمزور انفراسٹرکچر کے باعث معاشی ترقی کی موجودہ رفتار متاثر ہو سکتی ہے

تبصرے بند ہیں.