ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے محاذ کھولنے پرعامر خان کا امریکا جانے کا فیصلہ

ممبئی: بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور عدم برداشت پر بات کرنے کے بعد عامر خان کے خلاف محاذ کھلنے کے بعد بالی ووڈ اسٹار نے مختصر دنوں کے لیے امریکا جانے کا فیصلہ کرلیا۔

بالی ووڈ اداکار عامر خان کو ملک میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خلاف آواز بلند کرنا مہنگا پڑ گیا ہے جس کے بعد بے جی پی اور شیوسینا نے اپنی توپوں کا رخ ان کی جانب موڑ دیا ہے جب کہ انتہا پسندوں نے سچ بولنے کی پاداش میں عامر خان کے گھر پر دھاوا بھی بولا جس کے بعد انتہاپسندوں کی جانب سے ان کی اور ان کے خاندان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں تاہم اب بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے مختصر دنوں کے لیے امریکہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار عامر خان اپنی نئی آنے والی فلم ’’دنگل‘‘ کی شوٹنگ کے لیے بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں موجود ہیں جہاں ہندو انتہا پسندوں نے ان کے ہوٹل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے بعد عامر خان نے فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے کے فوری بعد مختصر دنوں کے لیے امریکا جانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ان کی اہلیہ کرن راؤ اور بیٹا بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.