سفید کٹ، پنک گیند، فلڈ لائٹس، ٹیسٹ کرکٹ آج اپنا رنگ بدلے گی

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ کے درمیان تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ جمعے سے ایڈیلیڈ میں شروع ہورہا ہے، گلابی گیند، فلڈ لائٹس اور سفید کٹ کے ساتھ پانچ روزہ کرکٹ کی نئی تاریخ رقم ہوگی، پلیئرز، شائقین اور ان سے بڑھ کر منتظمین کھیل کو نئی کروٹ بدلتا دیکھنے کیلیے کافی بے چین ہیں۔

کینگروز اور کیویز بھی اس یادگار موقع کو اپنی کامیابی سے رنگین بنانے کیلیے بیتاب ہیں، تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہونے سے بھی سیریز میزبان سائیڈ کے نام ہوگی، اس کی جانب سے ٹیم میں کم سے کم دو تبدیلیاں متوقع ہیں، شان مارش اور پیٹرسڈل میدان سنبھالیں گے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کو سیریز بچانے کیلیے لازمی فتح درکار ہے، ایڈیلیڈ اوول کی پچ پر معمول سے زیادہ گھاس بیٹسمینوں کیلیے پریشانی کا باعث ثابت ہوسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت میں اضافے کیلیے کافی عرصے سے اس فارمیٹ کو بھی ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کی طرح رات کو مصنوعی روشنیوں میں کھیلنے کی تجویز موجود تھی جسے اب ایڈیلیڈ میں عملی جامہ پہنایا جارہا ہے، سینئر فارمیٹ کی 138 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب مقابلہ سرخ گیند سے نہیں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.