عامر خان کی حمایت میں بالی ووڈ کی نامور شخصیات میدان میں کود پڑیں

ممبئی: بالی ووڈ کے نامور ڈائریکٹرز اور صف اول کے اداکاروں نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھارت میں عدم برداشت سے متعلق بیان کی حمایت کردی ہے۔

بالی ووڈ اداکار عامر خان کے ملک میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور عدم برداشت کے باعث ملک چھوڑنے پر غور سے متعلق بیان پر انتہا پسندوں نے ملک میں ہنگامہ برپا کردیا جب کہ بی جے پی اور شیوسینا کے علاوہ بالی ووڈ کے کئی اسٹارز نے بھی عامر خان کے خلاف زہر افشانی کی جس میں اداکار انوپم کھیر اور پریش راول سمیت متعدد اداکار شامل ہیں تاہم اب فلم انڈسٹری سے عامر خان کے حق میں بڑی آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

بالی ووڈ کی نامور خاتون ڈائریکٹر فرح خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک میں برداشت کی بات کی جاتی ہے لیکن جب کوئی اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے تو اس پر حملہ کردیا جاتا ہے تو بتایا جائے یہ کیسی برداشت ہے۔

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ہریتھک روشن نے ملک میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی کا اصلی چہرہ دکھانے پرعامر خان کی ہمت کی داد دی اور اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ عامر خان سے یہ سیکھا ہے کہ آپ پر حملے کی صورت میں بھی آپ دلیلوں کے ساتھ جواب دیں۔

تبصرے بند ہیں.