کامیڈی آسان ہے، سوہا علی خان ’’وار چھوڑنا یار‘‘ میں صحافی بن گئیں

ممبئی: بھارتی اداکارہ سوہاعلی خان اپنی بھابھی کرینہ کپور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان بھارتی اداکاروں کی صف میں شامل ہوگئیں ہیں جو فلموں میں صحافی کا کردار ادا کرچکے ہیں اطلاعات کے مطابق سوہا علی خان بھارتی کی پہلی جنگی مزاحیہ فلم وارچھوڑ نا یار میں صحافی کا کردار اداکریں گی ۔ اس سے پہلے رنبیرکپور فلم ’’یہ جوانی ہے دیوانی‘‘ ،نرگس فخری فلم ’’مدراس کیفے‘‘، عمران ہاشمی فلم ’’رش‘‘اور کرینہ کپور حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ستیا گرہ میں صحافی کا کردار اداچکی ہیں۔فلم میں صحافی کا سب سے یادگار کردارانیل کپورکا فلم ’’نائیک‘‘ میں رہا ۔اب سوہابھی اپنی زندگی میں پہلی بار صحافی بننے جارہی ہیں۔فراز حیدر جو فلم’’وارچھوڑ نہ یار کی ہدایات دے رہے ہیں کا کہناہے کہ سوہا اس فلم میں صحافی کاکردار اداکررہی ہیں جو فلم کامین کردار ہے ۔میرے خیال میں سوہا اس کردار کے لیے مناسب ترین انتخاب ہیں فلم میں جاوید جعفری اور شرمین جوشی بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔اس فلم کو 11اکتوبر کو ریلیزکیاجائے گا۔ سوہا علی خان جو رنگ دے بسنتی ‘ کھویا کھویا چاند ‘ ساونڈ ٹریک اور دیگر فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں اور ان دنوں فلم وار چھوڑ نا یار کی عکسبندی میں مصروف ہیں کاکہنا ہے وہ کئی کردار ادا کرچکی ہیں لیکن فلم ’’وار چھوڑ نا یار ‘‘ میں وہ پہلی بار مزاحیہ کردار میں جلوہ گر ہوں گی اور یہ کردار ایک خاتون صحافی کا ہوگا ادکارہ کاکہناہے کہ میرے نزدیک مزاحیہ اداکاری آسان ہے اور اس اداکاری میں مزا بھی بہت آتا ہے ۔فلم کی عکسبندی اور مناظر کو کافی انجوائے کیا جو یادگار رہیں گے سوہاعلی خان کاکہناتھاکہ فلم کا اسکرپٹ معیاری ہے ۔ ہدایتکار فراز حیدر نے جب انھیں فلم میں کردار کی پیشکش کی تو اسکرپٹ انھیں پڑھ کر اتنا پسند آیا کہ وہ انکار ہی نہ کرسکیں وہ پر امید ہیں کہ فلم مداحوں کے معیار پر پورا اتر کر سپرہٹ ثابت ہوگی۔ 4 اکتوبر 1978 کو نواب پٹودی خاندان میں پیدا ہونے والی 34سالہ سوہاعلی خان نے ابتدائی تعلیم دہلی میں دی برٹش اسکول سے حاصل کی ۔بعد ازاں اداکارہ نے لندن میں تعلیم حاصل کی اور عالمی تعلقات پرماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ۔ان کے والد بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نواب منصور علی خان پٹودی کا آبائی ملک افغانستان تھا اور مادری زبان بھی پشتو رہی ہے ۔بھارت میں ان کے خاندان کے سلسلے صدیوں پرانے ہیں ۔اداکارہ کی والدہ شرمیلا ٹیگور نواب منصور سے شادی کے بعد مسلمان ہوگئیں اور نام عائشہ سلطانہ رکھ لیا ۔بھائی سیف علی خان نے بھی ماں کی طرح بھارتی فلم انڈسٹر ی میں نام کمایا ۔تاہم سوہا کی بہن صبا علی خان ایک فیشن ڈیزائنر ہیں ۔شوبز میں آنے سے قبل سوہا علی خان فورڈ فاونڈیشن اور ایک بینک میں کام کرتی رہی ۔سوہا نے فلمی سفر کا آغاز 2004میں فلم ’’دل مانگے مور‘‘سے کیا۔ اس فلم میں سوہا علی خان نے اداکار شاہد کپور اور آشہ ٹاکیہ کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔2005میں اداکارہ کی بنگالی فلم ’’انتارمحل‘‘میں عمدہ پرفارمنس کو نقادوں نے ابھی تک ذہن میں رکھا ہے اور انھیں ہر بار اس فلم میں اچھی اداکاری کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔ 2006میں اداکارہ کی فلم ’’رنگ دے بسنتی‘‘ میں پرفارمنس پر انھیں خوب سراہا گیااور بہترین معاون اداکارہ کا ایفا ایوارڈ دیا گیا ۔اسی سال ان کی عمدہ پرفارمنس نے فلم ’’کھویا کھویا چاند‘‘کو چارچاندلگادیے یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاباں سمیٹنے میں سرفہرست رہی ۔اسی سال سوہا کی ایک اور فلم آہستہ آہستہ ریلیز ہوئی جس میں اس نے میگھاجوشی نامی لڑکی کا کردار اداکیا۔2007 میں سوہا کی فلم کھویاکھویاچاند سینما گھروں کی زینت بنی اس فلم میں ادکارہ نے سنی اہوجاکے ساتھ مرکزی کردار اداکیا یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیابی حاصل نہ کرسکی ۔2008کے دوران اداکارہ کی 2فلمیں ممبئی میری جان اور دل کبڈی ریلیز ہوئیں۔ 13 نومبر 2009کو سینما گھروں کی زینت بنائی جانیوالی فلم ’’تم ملے ‘‘میں سوہا کی عمران ہاشمی کے مدمقابل اداکاری نے بالی وڈ حلقوں کو گرویدہ بنالیا۔یہ فلم اگرچہ کمرشلی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم سوہا کی پرفارمنس کو سراہا گیا ۔ 2005 میں شروع ہونے والی اس فلم میں اداکارہ نے لیڈنگ لیڈی رول نبھایا۔ 2010میں بننے والی فلم ’’ممبئی کٹنگ‘‘میں جلوہ گرہوئیں ۔اسی سال فلم ’’تیرا کیا ہوگا جانی‘‘ اور پھر 2011 میں فلم ’’سائونڈ ٹریک‘‘ میں گوری کا کردار نبھایا ۔2012میں سوہا کی تین فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی گئیں۔ 2007کے دوران سوہا نے تین اہم ایوارڈ جیتے ۔جن میں ایفا ایوارڈ،گیفا ایوارڈ اور سب سے فیورٹ ایوارڈ شامل ہیں۔ وار چھوڑ نا یار کے علاوہ اداکارہ کی اسی سال 2 اور فلمیں ائیر پورٹ اور چار فٹیا چھوکری بھی ریلیز ہونے کا امکان ہے ۔بھارتی فلمی ناقدین کے مطابق سوہاعلی خان میں بھی اس کی ماں شرمیلا ٹیگور جیسی صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ آنے والے دنوں میں بالی ووڈ پر لمبے عرصے تک اپناجادو چلاسکتی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.