ممبئی کی موسلا دھار بارش نے بالی ووڈ اسٹارزکو بھی مفلوج کرکے رکھ دیا
ممبئی: مون سون بارشوں سے جہاں ممبئی کے رہائشی ہر سال بری طرح متاثر ہوتے ہیں وہیں رواں سال بارش نے بالی ووڈ اسٹارز سے بھی دو دو ہاتھ کر لیے جس کی وجہ سے کئی اسٹارز کو اپنی شوٹنگز ملتوی کرنا پڑیں۔ موسلا دھار بارش اور سیٹ کے باہر پانی جع ہو جانے کی وجہ سے بالی ووڈ کھلاڑی یعنی اکشے کمار کو ویپال شاہ پروڈکشن کی فلم کی شوٹنگ ملتوی کرنا پڑی، بارش ہی کی وجہ بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور جو کہ عمران خان کے ساتھ فلم “گوری تیرے پیار میں” کی شوٹنگ میں مصروف تھی اپنی شوٹنگ کو روکنا پڑا،سدھارتھ ملہوترا اور پرینیتی چوپڑا جو ممبئی کے “مرین ڈرائیو “میں اپنی فلم کے رومانوی سین کو فلم بند کروا رہےتھے کہ بارش نے ان کے رنگ میں بھی بھنگ ڈال دیا اور انہیں اپنی شوٹنگ کو ملتوی کرنا پڑا۔ ہدایت کار سبھاش گھئی جنہوں نے ممبئی کی فلم سٹی ميں اپنی نئی فلم کے لیے کافی مہنگا سیٹ لگایا تھا کو بھی اپنی پوری شوٹنگ معطل کرنا پڑی جس کی وجہ نہ صرف انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔
تبصرے بند ہیں.