ممبئی پولیس ہاتھ دھو کر اسد رؤف کے پیچھے پڑگئی

ممبئی: ممبئی پولیس ہاتھ دھوکر اسد رئوف کے پیچھے پڑ گئی،آئی پی ایل فکسنگ کیس میں انھیں ’مطلوب ملزم‘ قرار دے دیا، تازہ ترین چارج شیٹ میں پاکستانی امپائر کا نام بھی شامل ہے۔ 15مشکوک بکیز کا تعلق پاکستان سے جوڑ دیاگیا، بھارتی بورڈ صدر این سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور وندو دارا سنگھ کا نام بھی اس میں شامل ہے، پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس اسد کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، ان سے روبرو پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ فکسنگ اسکینڈل میں ممبئی پولیس نے11500 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت میں پیش کردی، پاکستانی امپائر اسد رئوف، صدر بی سی سی آئی این سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ سمیت22 افراد پر مختلف الزامات عائد کیے گئے، ان میں سے مبینہ طور پر 15 بکیز کا تعلق بھی پاکستان سے جوڑدیا گیا، جب چنئی سپر کنگز کے شریک مالک گروناتھ میاپن کی گرفتاری ہوئی تو اس وقت پاکستانی امپائر اسد رئوف کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ وہ لیگ میں امپائرنگ کرتے رہے مگر 26 مئی کو فائنل سے قبل ہی وطن واپس لوٹ گئے تھے، پولیس ان سے تحائف کے بارے میں پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے جو انھوں نے مبینہ طورپر بکیز سے حاصل کیے۔ ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر ہمانشو رائے کا کہنا ہے کہ گروناتھ کے ساتھ پوچھ گچھ سے ہمیں کڑیاں ملانے میں مدد ملے گی، کیس میں اسد رئوف کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے جس کی وجہ سے ہم ان سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ جب اس معاملے میں پاکستانی امپائرکا نام آیا تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انھیں چیمپئنز ٹرافی سے باہر کردیا، وہ خود کو بے قصور قرار دیتے ہیں، پریس کانفرنس میں اسد رئوف نے کہا تھا کہ کونسل نے یہ فیصلہ ان کی رضامندی سے کیا۔ممبئی پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں اسد رئوف اور مبینہ 15 پاکستانی بکیز کو ’مطلوب ملزم‘ قرار دیا گیاکیونکہ وہ لیگ کے دوران ہی بھارت سے واپس آگئے تھے، پولیس اب ان سے روبرو پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ ممبئی کورٹ نے اگلی سماعت کے لیے 21 نومبر کی تاریخ مقرر کردی، پولیس نے دعویٰ کیاکہ اس کے پاس اسد رئوف کے خلاف کئی شواہد موجود ہیں۔ گروناتھ میاپن پر انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 415، 420 اور 417 کے تحت الزامات عائد کیے گئے، ممبئی پولیس ایکٹ کا سیکشن 130 بھی لگایاگیا جو میچز میں بے ایمانی سے متعلق ہے۔ پولیس نے چارج شیٹ میں لکھاکہ تفتیش سے خاطر خواہ شواہد ملے،ان سے معلوم ہوتا ہے کہ میاپن نے ٹیم حکمت عملی، ترتیب، انجری اپ ڈیٹس اور بیٹنگ آرڈر سے متعلق اہم معلومات مشکوک افرادکو فراہم کیں۔ اس چارج شیٹ میں میاپن کے دوست اور بالی ووڈ اداکار وندو دارا سنگھ کا نام بھی موجود ہے، ان کے بارے میں کہا گیا کہ وہ معلومات بکیز پوون جے پور، سنجے جے پور اور جوپیٹر کو فراہم کرتا تھا، جوپیٹر کا نام دہلی پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں بھی ڈالا تھا۔ گروناتھ اور میاپن کو پولیس نے حراست میں لیا تھا، دونوں اس وقت ضمانت پر رہا ہیں۔یاد رہے کہ دہلی پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں راجستھان کے پلیئرز شری شانتھ، انکیت چھاون، اجیت چنڈیلا اور سدھارت تریویدی سمیت 39 افراد کے نام شامل تھے۔

تبصرے بند ہیں.