نیویارک(این این آئی) امریکی جریدے فوربز نے معروف ٹی وی سٹار اور کاروباری شخصیت کائیلی جینر کو امیر نظر آنے کے لیے جھوٹ بولنے کے الزام پر اپنی ارب پتی افراد کی فہرست سے باہر کردیا۔مارچ 2019 میں ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل کی جانے والی کائیلی کو سیلف میڈ شخصیت قرار دیا گیا تھا۔ اداکارہ کے خاندان ، کارڈیشین فیملی پر الزام ہے کہ انہوں نے کائیلی کاسمیٹک کی قیمتیں بڑھا چڑھا کرپیش کی تھیں۔
میک اپ کی مصنوعات فروخت کرنے والی یہ کمپنی کائیلی جینر کی ملکیت ہے۔اب اس فہرست سے نکالے جانے پرمیگزین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کارڈیشین خاندان کی اس کم عمر ترین رکن کو حقیقت کے برعکس زیادہ امیر کبیر ظاہر کیا گیا۔فوربز انتظامیہ کے مطابق انہیں فراہم کیے جانے والے ٹیکس گوشواروں میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی نے2016 میں 300 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی مصنوعات فروخت کی تھیںـکمپنی کی جانب سے 2017 میں330 ملین ڈالر کی فروخت کا دعویٰ کیا گیا لیکن کائیلی کی میک اپ مصنوعات فروخت کرنے والی کمپنی کی قدر و قیمت کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔فوربز کا کہنا ہے کہ کوٹی کمپنی کی جانب سے دی جانے والی معلومات کے مطابق کمپنی نے 2018 میں صرف 125 ملین ڈالر کی مصنوعات فروخت کیں۔معلومات ظاہر کرتی ہیں کہ کائیلی کی کمپنی کم منافع بخش اور چھوٹی سطح کی ہے جبکہ کارڈیشین فیملی نے میڈیا، میک اپ انڈسٹری اور ہمیں یہ بتایا کہ یہ کمپنی بہت ہی منافع بخش اور بڑی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کائیلی کی جانب سے ایک پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود فوربز سے اعزاز دینے کو نہیں کہا تھا اور نہ ہی انہوں نے اس حوالے سے جھوٹ کا سہارا لیا۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس کرنے کو اور بہت سے کام ہیں، بجائے اس کے کہ میں اپنی دولت کی وضاحتیں دیتی رہوں۔
تبصرے بند ہیں.