مائیکل جیکسن کے مداحوں کے لیے جذباتی نقصان کا ازالہ

فرانس کی ایک عدالت نے گلوکار مائیکل جیکسن کی موت سے ان کے پانچ مداحوں کو ہونے والے جذباتی نقصان کے ازالے کے طور پر انہیں ایک یورو فی کس ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیرس: (آن لائن) 34 مداحوں نے مائیکل جیکسن کے ڈاکٹر کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا جو پہلے ہی 2011ء سے مائیکل جیکسن کے نادانستہ قتل کے الزام میں جیل میں ہیں۔ مائیکل جیکسن کی موت انتہائی طاقتور مسکن اعصاب دوا پروپوفول کی زائد مقدار استعمال کرنے سے ہوئی اور یہ دوا انہیں ان کے گھر پر دی گئی تھی۔ عدالت نے مائیکل جیکسن کی موت کے سلسلے میں ان کے ڈاکٹر کونریڈ مرے پر قتل خطا کی فرد جرم عائد کی تھی۔ فرانس کی عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پانچ مداحوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ گلوکار کی موت سے انہیں جذباتی مسائل سے دوچار ہونا پڑا۔ جن مداحوں کے حق میں فیصلہ ہو ا ہے ان میں سے دو کا تعلق فرانس، دو کا سوئٹزرلینڈ اور ایک کا بیلجیئم سے ہے اور یہ سب فرانس میں قائم مائیکل جیکسن کے مداحوں کے ایک کلب کے ارکان ہیں۔ ان کے وکیل نے کہا کہ انہوں نے عدالت میں ان افراد کے بیانات اور طور رپورٹس سے یہ ثابت کیا کہ انہیں جذباتی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

تبصرے بند ہیں.