لندن پولیس الطاف حسین کی تقریر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع
اسلام آباد: اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے بیان کے بعد لندن میں میٹروپولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی تقریر کے بارے میں شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔ لندن میں میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان جیمز ہیوم نے بتایا کہ الطاف حسین کی جس تقریر پر انہیں برطانیہ اور پاکستان سے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں اس کا ترجمہ کرایا جا رہا ہے۔ لندن میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق انہیں الطاف حسین کی تقریر کے بارے میں سیکڑوں شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک سوال پر کہ کیا پولیس کسی سے پوچھ گچھ بھی کرسکتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ بھی ترجمے کی روشنی میں ہی کیا جائے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا تھا کہ الطاف حسین کے بیانات کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، لندن پولیس کے پاس ان کی کئی شکایات موجود ہیں۔
تبصرے بند ہیں.