تحریک انصاف اور ن لیگ کے حامیوں میں جھگڑا

لاہور: لاہور میں دھرنے پر بیٹھے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا مسلم لیگ ن کے حامیوں سے آتشبازی کرنے پر جھگڑا ہو گیا، تحریک انصاف کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔ ڈیفنس میں غازی روڈ پر جاری اس دھرنے میں خواتین، مرد اور بچے بھی موجود ہیں، جو خراب موسمی حالات کی پروا کئے بغیر انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ احتجاج کے دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے اسی جگہ خواجہ سعد رفیق کی کامیابی کی خوشی میں آتش بازی کی، جس پر دونوں جماعتوں کے حامیوں میں جھگڑا ہو گیا۔ موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر صورتحال کنٹرول کر لی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ جب تک انہیں انصاف نہیں ملتا، وہ اسی طرح یہاں بیٹھے رہیں گے۔ دھرنے میں شریک خواتین اور بچوں کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی واحد لیڈر ہیں جو پاکستان کو صحیح ڈگر پر چلا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا راستہ روکنے کے لئے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے لیکن اس پہلو کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ ان کے احتجاج سے کوئی دوسرا شہری متاثر نہ ہو۔

تبصرے بند ہیں.