فلم اسٹار نور 3 سال بعد ویڈیوسانگ میں بطور ماڈل جلوہ گر

لاہور: فلم اسٹار نور نے تین سال بعد ویڈیوسانگ میں بطور ماڈل حصہ لے لیا۔ انھوں نے گزشتہ روزکلاسیکی موسیقی کے معروف گھرانے ’پٹیالہ ‘ کے ’’راگا بوائز‘‘ کے گیت کی شاہی قلعہ لاہور میں ہونے والی شوٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے بڑی مہارت کے ساتھ کلاسیکل رقص کیا۔ اس ویڈیو کے ڈائریکٹرعدیل پی کے تھے جب کہ گیت کوکوریوگراف ہما ناز نے کیا تھا۔ شوٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نور نے بتایا کہ میرا اصل کام تو اداکاری ہی ہے اس لیے کچھ وقفے کے بعد دوبارہ ماڈلنگ کے دوران اداکاری کرنا اچھا لگ رہا ہے۔راگابوائز کا تعلق موسیقی کے ایسے گھرانے سے ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں، انھوں نے ایک بہترین گانا تیار کیا ہے جس کو سنتے ہی اس میں کام کرنے کی حامی بھر لی تھی۔ دوسری جانب ویڈیو کے ڈائریکٹر عدیل پی کے کا کہنا تھا میں پہلی مرتبہ راگابوائز اور فلم اسٹارنور کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔ اسی لیے میں نے شاہی قلعہ جیسی تاریخی اور خوبصورت لوکیشن کا انتخاب کیا ہے، اس سے پہلے بھی شاہی قلعہ میں بہت سے گیتوں کو شوٹ کیا گیا ہے لیکن میری کوشش ہو گی کہ اپنے اس ویڈیو کے ذریعے لوگوںکو شاہی قلعہ کی تاریخی عمارت کو ایک نئے انداز سے دیکھنے کا موقع فراہم کروں، اس کے لیے میں اور میری ٹیم میں شامل تمام لوگ محنت کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر جب یہ گیت آن ائیر ہو گا تو ناظرین کو ہماری کاوش اچھی لگے گی۔

تبصرے بند ہیں.