عالیہ بھٹ فلم ’’ہائی وے‘‘ میں رندیپ کی ہیروئن بنیں گی

ممبئ: فلم ’’اسٹوڈنٹس آف دی ایئر‘‘سے فنی سفر کا خوبصورت آغازکرکے شائقین کی توجہ حاصل کرنیوالی اداکارہ عالیہ بھٹ فلم ہائی وے میں رندیپ حدا کی ہیروئین بنیں گی۔ فلم کے ہدایتکار امتیازعلی کے مطابق فلم کا بجٹ 60کروڑ روپے رکھاگیا ہے فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیوالہ ہیں جب کہ میوزکاے آر رحمان نے ترتیب دیاہے۔ ’’فلم ہائی وے‘‘ کو رواں سال دسمبر میں سینما گھروں کی زینت بنایاجائے گا۔ عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ میں ہندی فلموں کے ساتھ ساؤتھ کے لیے بھی کام کررہی ہوں۔عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ کسی نئی فلم میں کام کی پیشکش پر خوشی ہوتی ہے مگر اس میں کام کرنے کا فیصلہ فلم کااسکرپٹ اور اپنے کردار کا جائزہ لینے کے بعد کرتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم میں میراکردار یادگار ہے جس پر میں بہت محنت کررہی ہوں امید ہے یہ میرے پرستاروں کو پسند آئے گا۔ عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ میں دوسروں کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔ مہیش بھٹ کی صاحبزادی کو ہدایت کار کرن جوہر نے لانچ کرکے بالی وڈ میں ان کے لیے نئے راستے بنائے ہیں ۔واضح رہے کہ عالیہ بھٹ فنکار ، فلمساز ،ہدایتکار اور رائٹر مہیش بھٹ اور اداکارہ سونی کے گھر 15مارچ 1993کو ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ اداکارہ ہدایتکارو اداکارہ پوجابھٹ ، شاہین بھٹ اور راہول اس کی بہن ہیں اداکار عمران ہاشمی ان کے کزن ہیں جب کہ مکیش بھٹ انکل ہیں۔عالیہ نے اگرچہ 1999کی فلم ’’سنگھرش‘‘میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیا۔ تاہم ان کی بطور اداکارہ پہلی فلم 2012کو ریلیز ہونے والی ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر ‘‘ہی قراردی جارہی ہے۔ عالیہ بھٹ نے ابتدائی تعلیم جمنابائی اسکول میں حاصل کی 1999میں فلم سنگھرش میں اکشے کمار اور پریتی زنٹاکے ساتھ بطور چائلڈ اسٹار کام کیا اس فلم میں عالیہ کا کردار زنٹاکے بچپن کا تھا۔ عالیہ کو بطور اداکارہ پہلی مرتبہ کرن جوہر کی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ائیر میں سدھارت ملہوترا اور ورن دھاوان کے ساتھ متعارف کرایاگیا۔350 ملین روپے سے تیار ہونے والی اس فلم کو 19اکتوبر 2012کو بھارت کے 1400سے زائد سینماگھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا جس میں عالیہ کی پرفارمنس کو بہت پسند کیا گیا اور فلم نے باکس آفس پر 630ملین کا بزنس کرنے کے علاوہ کامیابی کے متعدد نئے ریکارڈ بنائے۔ اس فلم کے متعلق بالی وڈ نقاد ترن آدرش کاکہنا ہے کہ کرن جوہر کی اس فلم میں عالیہ کی پرفارمنس عمدہ رہی، انھوں نے اداکارہ کی پہلی فلم کو اچھا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالیہ کا آغاز کرینہ کپور کی فلم ’’کبھی خوشی کبھی غم کی طرح ہے ۔ انھوں نے کہا کہ فنکار گھرانے سے تعلق ہونے پران سے جو توقعات وابستہ کی جارہی تھیں عالیہ ان پر ہو بہو پوری اترتے ہوئے نظر آتی ہیں ،تاہم ان کی نئی فلمموں میں اب پرفارمنس کی دھاک بٹھانے کی لیے تیاری کو بھی دیکھا جارہا ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ عالیہ کی نئی فلموں کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے۔ نئی فلموں میں ان کی پرفارمنس نے ہی ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عالیہ کی ایک اور فلم اسٹیٹس2کی شوٹنگز بھی جاری ہیں اور اسے اگلے برس اپریل میں ریلیز کیا جائے گااس فلم میں عالیہ کا کردار ایک گھریلوعورت کاہوگا۔اس فلم میں اپنے کردار کے متعلق عالیہ کا کہناہے کہ شادی شدہ عورت کا کردار نبھانے کے لیے مشاہدات کرتی رہی ہوں اور گھریلو عورت کی سرگرمیوں کو نوٹ کرکے اپنے کردار کو پرفکیٹ بنانے کے لیے کوشاں ہوں۔ اداکارہ نے بتایا کہ نئی فلموں میں اب سنجیدہ کردار نبھانے جارہی ہوں اور ان کرداروں کے لیے محنت اور مطالعہ کو ضروری سمجھتی ہوں ۔اس لیے میں نے اپنے کام پر زیادہ توجہ مرکوز کررکھی ہے ۔فلم کے کردار کے لیے اپنا لب ولہجہ بھی ویسا ہی بنانے کے لیے حقیقی کرداروں کا مشاہدہ کیا ہے۔ ان کی بول چال رہن سہن کو سمجھا ہے اور پھر ان کی طرح ان کے ماحول میں رہ کر اورکرکے دکھایا ہے اب میں سمجھتی ہوں کہ میں ایسے کردار نبھانے کے قابل ہوگئی ہوں ۔اس لیے میں نے نئے کردار نبھانے کے لیے تیاری مکمل کرلی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.