صنم ماروی عیدالفطر پر بھارتی حکومت کی مہمان بنیں گی

لاہور: پاکستان کی معروف گلوکارہ صنم ماروی عیدالفطر کے موقع پربھارتی حکومت کی مہمان بنیں گی۔ وہ چاند رات کودہلی جب کہ عیدالفطر کے دوسرے روز پٹنا میں منعقدہ گرینڈ شو میں پرفارم کرینگی۔ ان شوزکاانعقاد گورنمنٹ آف انڈیا کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں خاص طور پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے صنم ماروی کا انتخاب کیا گیا تھا۔ اس سلسلہ میں بھارتی سفارتخانے نے صنم ماروی اوران کی ٹیم میں شامل سازندوں کو ویزے جاری کردیے ہیں۔ صنم ماروی نے بتایا کہ ایک ماہ قبل گورنمنٹ آف انڈیا کی جانب سے مجھے شومیں پرفارمنس کے لیے رابطہ کیا گیا تھا۔شیڈول کے مطابق ہم پاکستان سے 4 اگست کودہلی روانہ ہونگے جہاں پہلا شوچاندرات کو’اندرا گاندھی انسٹیٹیوٹ‘ میں ہوگا۔ جب کہ دوسرا پروگرام بھارتی صوبہ بہار کی گورنمنٹ کی طرف سے پٹنا میں منعقد کیاجائے گا۔اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ ویسے تومیں نے اپنے روایتی انداز کے مطابق صوفیانہ کلام پیش کرونگی لیکن اس کے ساتھ پروگرام کے شرکاء کی فرمائش پربھی گیت سناؤنگی۔ انھوں نے کہا کہ میں اپنے پروگراموں میں پرفارمنس کے بعد دہلی میں ’ کنگ آف بھنگڑا ‘ دلیرسنگھ مہدی سے بھی خصوصی ملاقات کے ساتھ ان کی جانب سے منعقدہ محفل میں پرفارم بھی کرونگی۔ جو میرے لیے اعزازکی بات ہوگی۔ دلیرمہدی میوزک ورلڈ کے ایک روشن ستارہ ہیں۔بھارت میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کرونگی۔

تبصرے بند ہیں.