شلپا کی 38ویں سالگرہ منانے کی تمنا اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے چھین لی
ممبئی: بالی ووڈ حسینہ گلیمر گرل شلپاسیٹھی کی سالگرہ کی خوشیاں پھیکی پڑگئیں، دہلی پولیس نے بالی ووڈ بیوٹی کو سالگرہ سے ایک دن قبل اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا تحفہ دے دیا۔ 8جون 1975کو ریاست کرناٹکا کے شہر منگلور میں پیدا ہونے والی شلپاشیٹھی نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز1991میں 16سال کی عمر میں ماڈلنگ سے کیا، 1993 میں فلم “بازیگر”میں معاون اداکارہ کی حیثیت سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی شلپا کو پہلا مرکزی کردار1994میں فلم” آگ” میں حاصل ہوا جو باکس آفس پر اوسط درجے کا بزنس کرسکی، اس کے بعد شلپا نے “میں کھلاڑی تو اناڑی”،”آؤ پیار کریں “،”اوزار”،”پردیسی بابو”،”دھڑکن” اور” رشتے ” سے بالی ووڈ میں بحیثیت اداکارہ خود کو تسلیم کرایا، بالی ووڈ میں بحیثیت اداکارہ اپنے آپ کو منوانے کے بعد شلپا کی عالمی شہرت میں اضافہ 2007 میں برطانوی رئیلیٹی شو سیلیبریٹی بگ برادر میں نسلی امتیاز کا نشانہ بننے اور اس شو کو جیتنے سے ہوا۔ ’’پھر ملیں گے‘‘ اور ’’لائف این آمیٹرو‘‘ میں اپنی سنجیدہ ادکاری سے پذیرائی حاصل کرنے کے علاوہ کئی فلمی گانوں پر شاندار ڈانس پرفارمنس کی بنا پر شلپا بالی ووڈ کی بہترین آئٹم گرل بھی مانی جاتی ہیں، بہترین اداکارہ اور بہترین معاون اداکارہ کے کئی ایوارڈز جیتنے والی شلپا نومبر2009میں بھارتی بزنس مین راج کندرا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، اپنے شوہر راج کندرا کے ساتھ آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائل کے مالکانہ حقوق رکھنے والی شلپا گذشتہ سال ایک بیٹے کی ماں بنیں۔ شلپا کو آج اپنی 38ویں سالگرہ منانا تھی لیکن اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے الزام میں پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا ، آئی پی ایل فرنچائزراجستھان رائلزکی مالک شلپاشیٹھی کے شوہرراج کندرا پہلے ہی سٹے بازی کا اعتراف کرچکے ہیں،بھارتی میڈیا کےمطابق اسپاٹ فکسنگ میں پکڑے گئے بکی امیش گونکہ نے تفتیش کے دوران بتایا کہ شلپا بھی میچ میں سٹہ لگاتی تھیں، امیش احمد آباد کا صنعت کار ہے اور خود کو شلپا کے شوہر راج کندرا کا بزنس پارٹنر ظاہر کرتا تھا۔
تبصرے بند ہیں.